دہلی کے عازمین حج کے لیے نو روزہ تربیتی کیمپ کا آغاز چیئر پرسن کوثر جہاں نے سعودی ایمبیسڈر سے ملاقات کی

نئی دہلی: (پریس ریلیز):حج بیت اللہ 2023 کے لیے عازمین حج کی روانگی سے پہلے حج سے متعلق مختلف امور کی انجام دہی کے سلسلے میں حج کمیٹی کی جانب سے تیاریوں کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور اسی سلسلے میں آج دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن محترمہ کوثر جہاں نے ہندوستان میں حکومت سعودی عربیہ کے سفیر عزت ماٗب صالح بن عید الحسینی سے ملاقات کی اور دوران حج ہندوستانی عازمین بطور خاص دہلی کے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تبادلہ خیال کیا۔جبکہ دوسری جانب دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی طرف سے دہلی کے منتخب شدہ عازمین حج کی تربیت کے لیے نو روزہ حج ٹریننگ کیمپ کا باضابطہ آغاز ہوا۔ یہ تربیتی کیمپ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل آصف علی روڈ نئی دہلی میں دہلی کے مختلف علاقوں کے عازمین حج کی تربیت کے لیے لگائے گئے ہیں۔جس کے تحت آج مغربی، جنوب مغربی اور شمال مغربی دہلی کے عازمین حج کو تربیت دی گئی۔

 اس پروگرام میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں، ممبر و کونسلر محترمہ نازیہ دانش، ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسرجناب محسن علی، دسٹرکٹ ٹرینرمحمد شاہنواز، مفتی شیم احمد قاسمی اورخاتون عالمہ محترمہ صبیحہ صالحاتی صاحبہ کے علاوہ کثیر تعداد میں عازمین حج نے شرکت کی۔ صبح 9:30 بجے سے شام 05:00 تک جاری اس حج تربیتی پروگرام میں مختلف سیشن کے ذریعے حج سے متعلق ارکان و مسائل کے علاوہ دوران حج مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو درپیش مشکلات اور معاملات پر مفید آراء ہدایات دی گئیں۔

 حج تربیتی پروگرام میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کء چیئر پرسن محترمہ کوثر جہاں نے اپنے صدارتی خطبہ میں عازمین کا استقبال کرتے ہوئے انہیں مبارکب سفر حج بیت اللہ پر روانگی کے لیے تبریک و تہنیت پیش کیے اورحج کمیٹی کی ممبر محترمہ نازیہ دانش نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا۔ جبکہ ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عارفی نے تربیتی کیمپ کے مختلف اجلاس میں روز بروز ہونے والی گفتگو کا اجمالی خاکہ پیش کیا۔ اجلاس کے پہلے سیشن میں ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر جناب محسن علی نے ویڈیو فلم و سلائیڈ کے ذریعے عازمین حج کو حج سے متعلق اہم تفصیلات فراہم کیں۔ اس کے بعد ڈسٹرکٹ ٹرینر نے عازمین حج کو مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ و فریضہ حج کی ادائیگی کے سلسلے میں مفصل جانکاری فراہم کرائی۔

 مفتی شمیم قاسمی نے مسائل حج پر مفصل بیان پیش کیا جبکہ خواتین کے مسائل کے متعلق عالمہ محترمہ صبیحہ صالحاتی نے خواتین کو ان کے معاملات و مسائل پر اظہار خیال کیا۔ اس سال حج تربیتی پروگرام میں ہیلتھ اور فٹنیس کے سیشن میں حفظان صحت سے متعلق ایک نئے باب کا اضافہ کیا۔جس کے تحت حفظان صحت سے متعلق معاملات میں ہندوستان کی معروف و مشہور شخصیت ڈاکٹر بدرالاسلام کیرانوی نے حج کے دوران سعودی عربیہ میں انتہائی گرم موسم اور خشک ہواؤں کے منفی اثرات کے نتیجے میں عازمین کرام کو پیش آنے والے صحت کے متعلق مسائل اور مشکلات سے محفوظ رہنے کے لیے فطری ورزش اور طریقہ کار سے واقفیت فراہم کی اور بتایا کہ کس طرح حجاج کرام دوران حج بیت اللہ شدید گرمی اور خشکی سے نظام تنفس کی تکالیف اور دماغی حدت سے خود کو محفوظ و مامون رکھ سکتے ہیں۔ واضح ہو کہ کل بتاریخ 02-05-2023 کو جنوبی دہلی علاقے کے عازمین حج کے علاوہ بغیر محرم حج بیت اللہ کے لیے جانے والی کل 39 خواتین عازمین حج کو بھی تربیتی کیمپ میں مدعو کیا گیا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com