تشدد زدہ منی پور کے حالات تشویش ناک، مشتعل ہجوم کا بی جے پی کے رکن اسمبلی پر حملہ، اسپتال میں داخل

شیلانگ: منی پور میں تشدد کے بعد حالات دگرگوں بنے ہوئے ہیں۔ چاروں طرف افراتفری ہے، کئی اضلاع میں کرفیو ہے، موبائل انٹرنیٹ سروس بند ہے۔ حالات اس قدر بے قابو ہو چکے ہیں کہ فسادیوں کے خلاف دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ جمعرات کو مشتعل ہجوم نے بی جے پی ایم ایل اے ونگجاگین والٹے پر حملہ کیا۔

اطلاعات کے مطابق، بی جے پی کے رکن اسمبلی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ریاستی سکریٹریٹ سے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ سے ملاقات کے بعد واپس آرہے تھے۔ فرجاوال ضلع کے تھانلون سے تین بار رکن اسمبلی رہنے والے والٹے پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ امپھال میں اپنی سرکاری رہائش گاہ جا رہے تھے۔ مشتعل ہجوم نے ایم ایل اے کے ساتھ ان کے ڈرائیور پر بھی حملہ کیا۔ جبکہ ان کا پی ایس او فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ایم ایل اے ونگجاگین والٹے کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ انہیں امپھال کے ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ریمس) میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

دریں اثنا، میگھالیہ پولیس نے منی پور میں کوکی اور میئتی دونوں برادریوں کے درمیان ہوئے ذات پات کے تشدد کے بعد گروہی لڑائی میں شامل دونوں برادریوں کے 16 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

ایک پولیس افسر نے آج بتایا کہ جمعرات کی شام 5.30 بجے لیتمکھرا پولیس اسٹیشن کو میزو ماڈرن اسکول کے قریب نونگریم ہلز میں دو برادریوں کے درمیان اجتماعی لڑائی کی اطلاع ملی۔ ایسٹ خاصی ہلز کے ضلعی پولیس سربراہ سلویسٹر نونگ ٹینگر نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس اس علاقے میں پہنچی جہاں ایک برادری کے دو افراد کے ساتھ دوسری برادری کے افراد مار پیٹ کررہے تھے۔

صورتحال کو بگڑنے سے روکنے کے لیے، نونگ ٹینگر نے کہا کہ پولیس نے ضابطہ فوجداری کے سیکشن 107 (سی آر پی سی) کے تحت گڑبڑ پیدا کرنے کے الزام میں دونوں برادریوں کے 16 افراد کو گرفتار کیا۔ میگھالیہ پولیس نے شہر کا امن خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com