جس کانگریس نے ملائم کو مروانے کی سازش رچی تھی، اسی سے اکھلیش نے کیا اتحاد:مودی

قنوج،(ملت ٹائمز)
پی ایم مودی نے اپنے یوپی انتخابات کی انتخابی مہم میں ایس پی اور کانگریس پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ بولا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس پی صدر اکھلیش یادو نے کرسی کی لالچ میں اپنے والد ملائم سنگھ یادو کے قتل کی کوشش کرنے والی کانگریس سے اتحاد کی شرمناک حرکت کی ہے۔انہوں نے کانگریس پر اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بی ایس پی کے ساتھ بھی ملی بھگت کا الزام لگایا۔مودی نے قنوج میں پریورتن سنکلپ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اتر پردیش میں سیاست کے پلیٹ فارم پر ایک نئی فلم چل رہی ہے،کچھ وقت پہلے دونوں (ایس پی اور کانگریس)کے خلاف جنگ کر رہے تھے۔(کانگریس) 27سال یوپی بے حال کے نعرے لگا کر یاترا نکال رہے تھے، مگر کچھ وقت بعد دونوں متحد ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی۔ کانگریس اتحاد کے اعلان کے بعد ہوئی پہلی پریس کانفرنس میں اکھلیش نے تو مایاوتی کے خلاف بیان دیا لیکن کانگریس (نائب صدر راہل گاندھی)سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں مایاوتی کے خلاف کچھ نہیں کہنا۔
مودی نے کہا کہ اکھلیش کو صرف کم تجربہ ہے، وہ نہیں جانتے کہ کانگریس کے لوگ کتنے ہوشیار ہیں۔اس انتخاب میں تین ٹانگوں والی دوڑ چل رہی ہے، ایک ٹانگ ایس پی کی ہے، ایس پی کی دوسری ٹانگ کانگریس کے ایک پاؤں سے بندھی ہے اور کانگریس کی دوسری ٹانگ بی ایس پی کے پاؤں سے بندھی ہے۔اکھلیش اپنے والد ملائم سنگھ جی کی بات سے متفق نہیں ہیں، لیکن لکھ لو کہ کانگریس نے ایک پاؤں بی ایس پی سے جوڑ کر رکھا ہے۔انہوں نے ایس پی۔ کانگریس اتحاد کے جواز پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ ملائم سال 1984میں جب قانون ساز کونسل میں اپوزیشن کے لیڈر تھے، تب ان کی طرف سے سخت مخالفت سے تنگ آکر کانگریس نے چار مارچ 1984کو ملائم پر گولیاں چلوائی تھیں مگر وہ بچ گئے تھے،میں اکھلیش سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ کانگریس کی گود میں بیٹھنے سے پہلے چار مارچ 1984کے واقعہ کو یاد کر لیتے۔مودی نے کہا کہ کوئی ایسا بھی بیٹا ہوتا ہے جو کرسی کی لالچ میں اپنے باپ پر حملہ کرنے والے لوگوں کی گود میں بیٹھ کر سیاست کرے۔اس سے بڑی شرم کی بات اور کیا ہو سکتی ہے،ایسے لوگوں کو کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا۔سال 1984میں اٹاوہ سے لکھنؤ آ رہے ملائم کی گاڑی پر کچھ لوگوں نے تابڑ توڑ گولیاں چلائی تھیں۔اس واقعہ میں اس وقت کے کانگریس لیڈر بلرام سنگھ یادو کا نام سامنے آیا تھا۔

SHARE