علی گڑھ: ابھی ایک ہفتہ بھی نہیں ہوا ہوگا اور علی گڑھ کے ساسنی گیٹ تھانہ علاقہ میں نو تعمیر مزار پر یوگی حکومت نے بلڈوزر چلا دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک کمرہ میں بنے اس مزار پر لوگوں نے چادر چڑھانا بھی شروع کر دیا تھا اور جب اس کی خبر پھیلی تو ہندوتوادی تنظیموں نے سخت اعتراض ظاہر کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ساسنی گیٹ تھانہ علاقہ کے ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ کالونی میں میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ تعمیر کرائے جا رہے ہاؤسنگ پروجیکٹ اسکائی ٹاور کے پاس ایک کمرے میں یہ مزار ناجائز طریقے سے تعمیر کیا گیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ کو جیسے ہی یہ خبر ملی، اس پر بلڈوزر چلا کر مسمار کر دیا گیا۔اس مزار کو بنانے والے ٹھیکیدار ٹی پی شرما کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس جگہ پر مزار بنایا گیا، وہاں آس پاس مسلمانوں کی آبادی بھی نہیں ہے۔ الزام ہے کہ ٹھیکیدار ٹی پی شرما نے زمین پر قبضہ کرنے کے مقصد سے بغیر کسی اطلاع کے واٹر بورڈ کی زمین پر مزار بنا دیا۔ جب ضلع انتظامیہ کے افسران پیر کے روز وہاں پہنچے تو کمرے کے باہر تالا لگا تھا۔ جب اسے توڑا گیا تو اندر مزار پر چادر چڑھائی ہوئی نظر آئی۔ پھر فوری کارروائی کرتے ہوئے اس پر بلڈوزر چلا دیا گیا۔ حالانکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں بہت پہلے مزار موجود تھا، لیکن بغیر اجازت نئے سرے سے مزار بنائے جانے پر کئی لوگوں نے حیرانی کا اظہار کیا۔ایک میڈیا رپورٹ میں مقامی ہندوتوا لیڈر بھرت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ساسنی گیٹ تھانہ علاقہ کے اے ڈی اے کالونی کے رہنے والے مقامی باشندہ کے ذریعہ جانکاری دی گئی تھی کہ میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ اسکائی ٹاور کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ اسکائی ٹاور کے برابر میں واٹر بورڈ کی زمین پر ناجائز طریقے سے مزار بنایا گیا۔ یہاں چھوٹا سا کمرہ بنا کر اندر خاموشی کے ساتھ مزار بنا دیا گیا۔ اس مزار پر چادر بھی چڑھائی جانے لگی تھی۔ جب میونسپل کارپوریشن کے لوگ وہاں پہنچے تو اس وقت بھی مزار پر چادر پڑی ہوئی تھی اور باہر سے تالا لگا تھا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع انتظامیہ نے میونسپل کارپوریشن اہلکار کو بلوا کر کمرے کا تالا کھلوایا اور ناجائز تعمیرات کو منہدم کرنے کی کارروائی شروع کی۔ اب ناجائز طریقے سے مزار تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ایس پی سٹی کلدیپ گناوت کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار ٹی پی شرما کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور موقع پر امن و امان قائم ہے۔