ریاض نئی دہلی: (ملت ٹائمز) سعودی عرب میں مقیم باشندگان بہار کی تنظیم بہار انجمن کا سالانہ پروگرام 12 مئی کو ملک کی راجدھانی ریاض میں” شام بہار“ کے عنوان سے منعقد ہورہاہے جس میں سعودی عرب میں مقیم باشندگان بہارشرکت کریں گے اور مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ بہارانجمن کا یہ ساتواں سالانہ پروگرام ہے جس میں مہمان خصوصی کے حیثیت سے بہارکے سمستی پور سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے ابھرتے ہوئے رہنما اور دہلی کانگریس میں سوشل میڈیا کے چیرمین ہدایت جینٹل کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیاگیاہے ۔ بہار انجمن کے صدر ڈاکٹر عبد الفرح نے ملت ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بہار انجمن کا مقصد سعودی عرب میں مقیم باشندگان بہار کو آپس میں متحدہ رکھنا ، مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرنا اور اپنے ملک کی بہتری اور ترقی کیلئے جدوجہد میں شامل ہوناہے ۔ سالانہ پروگرام بہت اہمیت کا حامل ہوتاہے جس میں تقریباً ایک ہزار سے زیادہ لوگ شرکت کرتے ہیں ، اس پروگرام میں انتظامیہ کی کوشش ہوتی ہے کہ مہمان خصوصی اور چیف گیسٹ کے طور پر اپنے وطن سے تعلق رکھنے والے کسی ایسے سرکردہ رہنما کو مدعو کیا جائے جو عوام کے درمیا ن رہتے ہیں ، ان کے مسائل حل کرتے ہیں اور ملک و قوم میں اپنی شناخت رکھتے ہیں۔ حالیہ پروگرام میں مہمان اعزازی کے طور پر ہم لوگوں نے دہلی کانگریس کے سوشل میڈیا چیرمین اور بہار کے ابھرتے ہوئے رہنما جناب ہدایت اللہ جینٹل کو مدعو کیا ہے ، جبکہ چیف گیسٹ کے طور پر آر جے ڈی ایم ایل اے اختر الاسلام شاہین تشریف لارہے ہیں ۔