اوکھلا میں کرائم کے بڑھتے واقعات تشویشناک ، ملی کونسل دہلی کی میٹنگ میں لیا گیا جائزہ

نئی دہلی: ( پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل کی دہلی یونٹ کے زیر اہتمام آج ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعہ نگر علاقہ میں کرائم کے بڑھتے واقعات ، نشہ خوری اور معاشرتی برائیوں کا جائزہ لیا گیا اور اس کے روک تھام کیلئے عملی کوششوں اور منصوبہ سازی کا تذکرہ کیا گیا۔

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ابرار احمد مکی نے کہاکہ نشہ خوری معاشرتی برائی کی بنیادی وجہ ہے جس کے روم تھام کیلئے سبھی کو بیدار ہونا ہوگا ، رات میں لڑکوں کی گروپ بازی اور آوارہ گردی کے خلاف بھی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ نوشاد عالم چوہان نے کہاکہ معاشرتی برائیوں کے خاتمہ کیلئے علاقہ کی مسجدوں کا مثبت استعمال کیا جاسکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ جوہری فارم کی ایک مسجد کو ہم نے کمیونٹی سینٹر بنایا ہے، محلہ کے تمام لوگ جڑے ہوئے ہیں جس سے معاشرتی اور فکری تربیت بہترین انداز میں کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر پرویز میاں نے کہاکہ ملی کونسل کی کوشش ہے کہ موثر انداز میں کرائم، قتل ، دیگر جرائم اور نشہ خوری کے خلاف مہم چلائی جائے، مسجد کے ائمہ سے اس مہم میں ساتھ دینے کی اپیل ہے کیوںکہ جمعہ کے خطاب سے وہ عوام کو بیدار کرنے میں اہم کردار نبھا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ بھی مسلمان محلوں میں بڑھتے کرائم کو روکنے کی کوشش نہیں کرتی ہے جس پر توجہ دینی کی ضرورت ہے۔ پروفیسر حسینہ حاشیہ نے کہاکہ نوجوان لڑکے ہمارا قیمتی سرمایہ اور اثاثہ ہیں لیکن وہ اپنا بیشتر وقت ہوٹلوں اور چوک چوراہوں پر گزارتے ہیں جس کے وجہ سے معاشرہ تباہی کا شکار ہے۔ محترمہ رضوانہ مشتاق صاحبہ نے کہا کہ ہم لوگوں نے کمیونٹی کے بچوں کی حوصلہ افزائی کا پروگرام بنانا چاہیے، اچھے نمبرات سے کامیاب ہونے والے بچوں کو استقبالیہ دینا چاہیے، بچوں کے کیریئر گائیڈنس کا پروگرام منعقد کرنا چاہیے، بچوں کے والدین کیلئے بھی موقع بموقع لیکچر کا اہتمام کرانا چاہیے، کمزور فیملی کے بچوں کی تعلیم میں ان کی مدد کرنی چاہیے، ملی کونسل دہلی کے سکریٹری الیاس سیفی نے کہا کہ بچوں کو مناسب تعلیم اور وقت کے مطابق کورسز سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، ڈراپ آو ¿ٹ کی شرح بہت زیادہ بڑھ چکی ہے جس کو ختم کرنے اور ایسے بچوں کی تعلیم کی فکر کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔

ملی کونسل کی مجلس عاملہ کے رکن محمد عالم نے کہاکہ کرائم کے بڑھتے واقعات کو روکنے کیلئے دو کمیٹی تشکیل دینا مناسب ہے ایک کمیٹی مارکیٹ کے ذمہ داروں کے درمیان رابطہ کاکام کرے اور دوسری کمیٹی پولس انتظامیہ سے رابطہ کرکے جرائم کے روک تھام کیلئے کوششیں کرے ۔

میٹنگ میں شمس تبریز قاسمی ،مولانا مرزا بیگ، جناب صفی اختر ، امتیاز عالم، مولانا شکیل شمسی، شاداب احمد، جناب محمد عالم ، عطاءالرحمن، اشفاق احمد ، عبد المبین ریتائرڈ پی جی ٹی ، رئیس الدین ،محمد مہربان، مشرف عالم، ریاض احمد ، محمد شکیل ، محمد اسماعیل سمیت علاقے کی متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ اخیر میں ملی کونسل کے آفس سکریٹری وسیم فہمی نے سبھی شرکاءکا شکریہ ادا کیا ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com