الہ آباد: اتر پردیش پولیس نے اومیش پال قتل معاملہ میں ملزم گڈو مسلم اور شائستہ پروین کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کیا ہے۔ شائستہ پروین اور گڈو مسلم پر یوپی پولیس پہلے ہی 5-5 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کر چکی ہے۔ ان دونوں کے علاوہ ملزم صابر کے خلاف بھی لک آؤٹ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
الہ آباد میں ہوئے اومیش پال کے قتل کے بعد قتل کیے گئے عتیق احمد کی بیوہ شائستہ پروین اور شوٹر گڈو مسلم کی پولیس گزشتہ 78 دنوں سے تلاش کر رہی ہے۔ دونوں ملزمان اب تک پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب رہے ہیں۔
لُک آؤٹ نوٹس جاری ہونے کے بعد اب ملزمان بیرون ملک کا سفر نہیں کر سکیں گے۔ ملزمان کی تفصیلات اور تصاویر تمام ہوائی اڈنوں اور بین الاقوامی سرحدوں پر بھیجی جا چکی ہیں۔
خیال رہے کہ بی ایس پی کے رکن اسمبلی راجو پال قتل کیس کے اہم گواہ اومیش پال 24 فروری 2023 کو الہ آباد کے دھومن گنج علاقے میں قتل کر دیا گیا تھا۔ اومیش کے ساتھ ان کا پولس سیکورٹی اہلکار سندیپ نشاد بھی مارا گیا۔ اومیش کو ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا۔
قتل کا الزام سابق رکن اسمبلی عتیق احم کے بیٹے اور ان کے اہل خانہ پر عائد کیا گیا۔ اومیش پال کی بیوی جیا پال کی شکایت کی بنیاد پر عتیق احمد، اس کے بھائی اشرف، بیوی شائستہ پروین، دو بیٹوں، معاونین گڈو مسلم اور غلام اور دیگر نو افراد کے خلاف دھوم گنج پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
شوٹر وجے چودھری عرف عثمان، ڈرائیور ارباز، اسد اور شوٹر غلام ایس ٹی ایف اور پولیس ٹیموں کے ساتھ تصادم میں مارے گئے ہیں۔ گڈو مسلم، شوٹر صابر اور شائستہ پروین تاحال مفرور ہیں۔