ممبئی: ترکی کے صدر طیب اردگان کی ایک بار پھر کامیابی پر آل انڈیا علماء کونسل کے سکریٹری جنرل مولانا محمود احمد خاں دریابادی نے ای میل کے ذیعے اُنھیں مبارکباد پیش کی ہے ـ
اپنے پیغام میں مولانا دریابادی نے کہا کہ اردگان کی قیادت میں جس طرح ترکی نے ہمہ جہت ترقی کی ہے، حالیہ ہولناک زلزلے کے بعد متاثرین کی جس طرح فوری امداد، خانماں برباد افراد کی بازآباد کاری، زخمیوں کا علاج، اور مایوس متاثرین کے اندر اعتماد کی بحالی کے سلسلے میں جو بنیادی اقدامات کئے گئے تھے ترکی کے عوام نے اردگان حکومت کو ایک بار پھر اقتدار میں لاکر صدر اردگان کی ان گرانقدر خدمات کا اعتراف کیا ہے ـ مولانا دریابادی نے یہ بھی کہا کہ بعض مغربی طاقتوں نے اپنے مفادات کے پیش نظر ترکی کے عوام کو صدر اردگان سے بدگمان کرنے کی بھر پور کوشش کی مگر ترکی کے عوام نے بالغ نظری کا ثبوت دیتے ہوئے ایک بار پھر اردگان کو اقتدار سونپ دیا ایسی بالغ نظری کے لئے ترکی کے عوام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
مولانا دریابادی نے آگے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا ہے کہ صدر اردگان نے عالم اسلام کے اتحاد ویکجہتی کے لئے جو مخلصانہ کوششیں کی ہیں دنیا بھر کے مسلمان اس کی تحسین کرتے ہیں اسی لئے آج صدر اردگان کی کامیابی پر عالم اسلام کے عوام بھی خوشی کا اظہار کررہے ہیں ـ
ترکی سے ہندوستانی مسلمانوں کے قدیم تعلق کا ذکر کرتے ہوئے مولانا دریابادی نے اپنے پیغام میں خلافت تحریک کا ذکر کیا جب مغربی طاقتیں خلافت عثمانی کے خلاف سازشیں کرکے عالم اسلام کو خلیفہ سے محروم کرنے کی کوششیں کررہی تھیں تب ہندوستانی مسلمانوں نے اپنے برادران وطن کے ساتھ مل کر زبردست تحریک چلائی تھی ـ
آخر میں مولانا نے ایک بار پھر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہندوستانی مسلم عوام کی طرف سے صدر اردگان کی صحت وعافیت نیز اُن کی قیادت میں ترکی کے عوام کی فلاح وبہبود، ترقی وامن کے لئے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے دعوات صالحات کا اظہار کیا ہے ـ