پارلیمنٹ میں اڈانی پر سوال اٹھایا تو میری رکنیت منسوخ کر دی گئی، امریکہ میں راہل گاندھی کا بیان

نئی دہلی: امریکہ کے دورے پر گئے کانگریس رہنما راہل گاندھی مودی حکومت کو مسلسل ہدف تنقید بنا رہے ہیں۔ جمعرات (2 جون) کو راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کی رکنیت کے معاملے پر ایک بار پھر مرکزی حکومت پر حملہ بولا اور کہا کہ جب سے انہوں نے اڈانی-ہنڈن برگ کا مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا ہے، تب سے انہیں بدلے میں ایک تحفہ (سزا) ملا ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ وہ پہلے شخص ہیں جنہیں ہتک عزت کے معاملے میں سب سے بڑی سزا دی گئی ہے۔ کانگریس رہنما امریکی راجدھانی واشنگٹن کے نیشنل پریس کلب میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ اس سے پہلے بدھ (یکم جون) کو بھی راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کیے جانے کے معاملے پر بیان دیا تھا۔

پارلیمنٹ سے اپنی نااہلی کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ یہ لوک سبھا میں اڈانی-ہنڈن برگ تنازعہ پر ان کی تقریر کے بعد ہوا ہے۔ انہوں نے کہا ”میں نے ایک سوال پوچھا اور میں 1947 کے بعد تاریخ میں ہتک عزت کے مقدمے میں سب سے بھاری سزا پانے والا ہندوستان کا پہلا شخص بن گیا!”

راہل گاندھی نے مزید کہا ”کسی کو بھی زیادہ سے زیادہ سزا نہیں دی گئی، وہ بھی اس وقت جب جرم کا ارتکاب پہلی مرتبہ کیا گیا ہو۔ اس سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ میرے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ پارلیمنٹ میں اڈانی کے بارے میں میری تقریر کے بعد مجھے نااہل قرار دیای جانا کافی دلچسپ ہے، تو آپ حساب لگا سکتے ہیں۔”

واشنگٹن ڈی سی نیشنل پریس کلب میں اپوزیشن اتحاد پر بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی اتحادی اپوزیشن قوتوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اے این آئی کے سوال کے جواب میں راہل نے کہا کہ ان کی پارٹی تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مستقل طور پر بات چیت کر رہی ہے، اس سلسلے میں بہت اچھا کام کیا جا رہا ہے۔

راہل گاندھی نے کہا ”حزب اختلاف بہت اچھی طرح سے متحد ہے اور یہ زیادہ مضبوطی سے متحد ہو رہی ہے۔ ہم تمام اپوزیشن (پارٹیوں) کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہاں بہت اچھا کام ہو رہا ہے۔” انہوں نے اس کی مشکل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ کئی مقامات ایسے ہیں جہاں ہم اپوزیشن کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں، اس لیے کچھ لین دین ضروری ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ یہ کام ضرور ہو جائے گا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com