مہاراشٹر میں ایک بار پھر مویشی لے جا رہے مسلم شخص کا مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر قتل کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کے ناسک ضلع میں مویشیوں کو لے جا رہے 23 سالہ لقمان انصاری کا گئو رکشکوں نے مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ پولیس نے اس معاملے میں 6 لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ ایک پولیس افسر نے اس سلسلے میں بدھ کے روز جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ معاملہ 10 جون کو اس وقت پیش آیا جب لقمان انصاری کی لاش گھاٹن دیوی میں ایک گڈھے سے برآمد کی گئی۔
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ 6 گئو رکشکوں کو حراست میں لیا گیا ہے اور کچھ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سبھی ملزمین دایاں محاذ تنظیم راشٹریہ بجرنگ دل سے جڑے ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق لقمان انصاری اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ 8 جون کو اپنے ٹیمپو پر مویشیوں کو لے جا رہا تھا۔ ٹھانے ضلع کے ساہاپور واقع وہیگاؤں میں تقریباً 15-10 گئو رکشکوں نے انھین روک لیا۔ اس کے بعد چار گایوں کو ان سے چھڑایا گیا۔ بعد میں وہ ٹیمپو کو گھاٹن دیوی کی طرف لے گئے۔ سنسان جگہ پر ٹیمپو کو روک لیا اور دونوں کے ساتھ مبینہ طور پر مار پیٹ شروع کر دی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ لقمان انصاری کا ساتھی بھاگنے میں کامیاب رہے، لیکن لقمان کو ملزمین نے پکڑ لیا۔ دوسری طرف ملزمین کا کہنا ہے کہ انصاری کی موت کھائی میں گرنے کی وجہ سے ہوئی۔ حالانکہ پولیس کو اندیشہ ہے کہ لقمان کی موت کا سبب پٹائی ہے جس کا پتہ جانچ کے بعد چلے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) کے تحت دو معاملے درج کیے گئے ہیں۔