تھانہ پالگھر ڈسٹرکٹ مسلم ویلفیئر آرگنائزیشن (تنظیم) کے زیراہتمام آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کی میٹنگ کا انعقاد

بھیونڈی: (فہیم انصاری کے ذریعے) بھیونڈی کے ونجارپٹی ناکہ پارک اوینیو پرانے الرازی واقع آج بروز منگل 20/06/2023 کو تھانہ پالگھر ڈسٹرکٹ ویلفیئر آرگنائزیشن (تنظیم) کی جانب سے مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی اور سماجی پسماندگی کو دور کرنے ان کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے قائم کی گئی آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کی بھیونڈی میں از سر نو تشکیل کے لئے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں دہلی سے تشریف لائے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے سابق صدر جناب نوید حامد صاحب نے خصوصی طور پر شرکت کی مہمانان کے طور پر جناب تحسین احمد ، جناب شمش الضحیٰ ، جناب فاضل انصاری کے علاوہ تھانہ پالگھر ڈسٹرکٹ مسلم ویلفیئر آرگنائزیشن بھیونڈی کے صدر جناب صغیر احمد ڈانگے بھی موجود تھے۔

غور طلب ہے کہ آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت ہندوستان کے 220 ملین سے زائد مسلمانوں کی مذہبی ، سماجی ، اقتصادی ، ثقافتی اور تعلیمی امنگوں کی نمائندگی کرتی ہے ۔ یہ موقر سماجی تنظیموں ، مذہبی جماعتوں اور سیاسی گروپوں کا وفاق ہے جو مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور کثرت میں وحدت کی مثال ملک و قوم کے سماجی تانے بانے کی حفاظت کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ مسلم سماج کے وہ قائدین اور مشہور و معروف شخصیات جنہوں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور سماج کے فلاح و بہبود اور ترقی میں اہم رول ادا کیے ہیں انفرادی حیثیت میں اس کے ارکان ہیں ۔

مذکورہ میٹنگ میں دہلی سے تشریف لائے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے سابق صدر جناب نوید حامد نے مشاورت کے تعلق سے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کی تعلیمی اور سماجی پسماندگی کو دور کرنے خصوصی طور پر دیہی علاقوں کے مسلمانوں کی ترقی اور ان کے حقوق کی حصولیابی کے لئے ممتاز مسلم رہنما اور ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کے قریبی ساتھی ڈاکٹر سید محمود نے مشاورت کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا۔ تمام مکاتب فکر و خیال کے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اور اگست 1964 کو لکھنئو میں مسلم لیڈروں کے ایک تاریخی اجلاس میں غورو خوض کے بعد مشاورت کا قیام عمل میں آیا۔آج مشاورت کے قیام کو تقریباً 58 سال ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت کو پورے ملک میں خصوصی طور پر جہاں مسلمانوں کی اکثریت زیادہ ہے وہاں کا دورہ کرکے وہاں مشاورت کی از سر نو تشکیل دی جارہی ہے ۔ کیونکہ بھیونڈی اقلیتوں کا شہر ہے لہذا یہاں پر بھی مشاورت کی تشکیل کے لئے شہر کے مذہبی ، تعلیمی ، سماجی اور ثقافتی امور سے تعلق رکھنے والے معزز شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا ۔ مذکورہ میٹنگ میں بھیونڈی شہر کی معروف شخصیت ، سیاسی رہنما ، سماجی خدمت گار اور مشاورت کے رکن جناب فاضل انصاری نے اس سلسلے میں بتایا کہ عنقریب ہم تھانہ ضلع میں کم از کم دس معزز شخصیات کو مشاورت میں شامل کرکے مسلمانوں کے حقوق ، ان کی پسماندگی کو دور کرنے اور انہیں ملک میں انصاف دلانے کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے۔ اس موقع پر مفتی محمد حذیفہ قاسمی ، مولانا اوصاف فلاحی ، مولانا امتیاز فلاحی ، اسماعیل خان ، تقی ناچن ، مجتبیٰ ڈانگے ، شاداب پٹیل ، حافظ جمیل ، سبحان سکندر ، انجینئر اسلم مومن ، ننھے مطلوب ، جاوید شیخ ، ایوب شاہ ، مولانا ساجد ، حاجی قاسم سمیت شہر کی دیگر معزز شخصیات موجود تھے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com