کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے مسلم مذہبی رہنماؤں کو یقین دلایا کہ کرناٹک میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور کانگریس پارٹی یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے مسترد کر چکی ہے۔
نیوز۱۸ کے مطابق سدا رامیا نے کرناٹک کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی اور دیگر علمائے کرام سے ملاقات کے موقع پر یکساں سیول کوڈ کے سلسلہ میں مسلمانوں میں پائی جانے والی بے چینی سے خود کو ہم آہنگ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں تمام مذاہب اور ان کے ماننے والوں کا یکساں طور پر احترام کیا جائے گا اور کسی بھی مذہب کے جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں رہے گی۔
دستور کی دفعہ 25 کے تحت ہر شہری کو اپنی پسند کا مذہب اختیار کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ کسی بھی شہری پر کسی اور مذہب کی تعلیمات کو مسلط نہیں کیا جاسکتا۔ کرناٹک حکومت دستور کی پابند ہے اور یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی کوششوں کی مخالفت کی جائے گی۔






