عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نور امروہوی فخر امروہہ ایوارڈ سے سرفراز

نئی دہلی: (ملت ٹائمز ) دہلی کے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں گذشتہ شب معروف شاعر اور ادیب ڈاکٹر نور امروہوی کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انہیں فخر امروہہ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ۔ اس موقع پر امریکہ میں مقیم ڈاکٹر نور امروہوی نے کہا کہ آپ سبھی کی محبتوں اور خلوص کا شکریہ ، میرا بنیادی مقصد اردو زبان کی ترویج اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل سے نجات دلانا ہے ۔ مسلمانوں کو حالیہ دنوں میں زندگی کے تما شعبوں میں آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی مشعل راہ ہے جس کو سامنے رکھتے ہوئے ہم زندگی کے تمام شعبوں میں آگے بڑھ سکتے ہیں، ہم لوگوں کو اپنے ساتھ اپنی قوم اور ملت کے افراد کی فکر کرنے کی ضرورت ہے ، ڈاکٹر نور امروہوی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک واقعہ سناتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے ۔

پروفیسر اختر الواسع نے اپنی افتتاحی تقریر میں کہاکہ ڈاکٹر نور امروہوی کی خوبی یہ ہے کہ وہ امریکہ میں رہ کر بھی ہندوستان کیلئے سوچتے ہیں ، اردو زبان کیلئے کوششیں کرتے ہیں ، وہ صالح فکر کے حامل شاعر ہیں۔ تقریب کی صدارت کر رہے مفتی عفان منصور پوری نے کہا کہ شاعری کیلئے اہم وصف ہے ایک وزن کا درست ہونا اور دوسرا تخیل کا بلند ہونا اور ڈاکٹر امروہوی کی شاعری میں یہ دونوں نمایاں طور پر موجود ہے ، وہ ہمارے علاقے کی شان ہیں اور ہم سبھی کو ان پر فخر ہے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر ولی محسن سابق ڈاکٹر صدر جمہوریہ، سراج الدین قریشی صدر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر ، ڈاکٹر سید فاروق ، حکیم سراج الدین ہاشمی، پروفیسر دامنی شرما، شمس تبریز قاسمی چیف ایڈیٹر ملت ٹائمز ، محترمہ رضوانہ مشتاق، نگار عظیم صدر بنات، چشمہ فاروقی سمیت متعدد شخصیات وہاں موجود تھی‌۔

ایورڈ میں مومینٹو، شال اور سپاس نامہ پیش کیا۔ اس موقع پر ایک دوسرا ایورڈ اردو ہندی ایکتا کمیٹی کی طرف سے بھی ڈاکٹر نور امروہوی کو سرفراز کیا گیا ۔ اخیر میں امروہہ فاؤنڈیشن کے سربراہ اور پروگرام کے کنوینر فرمان حیدر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ قبل ازیں قرآن کریم کی تلاوت سے تقریب کا آغاز ہوا ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com