بوزداع ڈرامہ سیٹ

ڈاکٹر فرقان حمید

پاکستان کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والی ٹیلی ویژن چینل ” جیوانٹرٹینمنٹ ” پر پیش کیے جانےوالا ترکیہ کی ڈرامہ سیریز کرولش عثمان جس نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دھوم مچا رکھی ہے اور چوتھے سیزن کے خاتمے کے بعد اب نئے سیزن کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں اور نئے سیزن میں شائقین کو بہت سے سرپرائز بھی ملنے والے ہیں۔

ڈرامہ سیریز کرولش عثمان کے پروڈیوسر اور ڈائیریکٹر مہمت بوزداع جنہوں نے سب سے پہلے “ارتغرل غازی” ڈرامہ سیریز سے عالمی شہرت حاصل کی تھی اور ان کے اس ڈرامہ سیریز کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ڈرامہ سیریز کے طور پر رقم کیا گیا ہے۔ “ارتغرل غازی” کے ڈرامہ سیریز ہی کے دوام کی حیثیت رکھنے والے “کرولش عثمان” ڈرامہ سیریز میں سلطنتِ عثمانیہ کے قیام سے متعلق مختلف پہلووں، سازشوں، جنگوں، فتوحات کو اجاگر کیا گیا ہے۔یہ ڈرامہ سیریز اپنے پانچویں سیزن میں مختلف سرپرائز دیتے ہوئے جاری رہے گا۔ یہاں پر اپنے قارئین کو یہ خوشخبری بھی دیتے چلیں کہ یہ ڈرامہ سیریز نئے سیزن میں مزید کئی ایک ناموں اور سرپرائز کے ساتھ جاری رہے گی تاہم اس بارے میں آئندہ کسی پروگرام میں روشنی ڈالی جائے گی تاہم اس وقت اپنے قارئین کو ایک اور خوشخبری دیتا چلوں کہ مہمت بوزداع نے دنیا کے تیسرے بڑئے اور یورپ کے سب سے بڑے فلمی سیٹ یا اسٹوڈیو کے دروازے دنیا بھر کے شائقین کے لیے کھول دیے ہیں ۔ بوز داع ڈرامہ سیٹ یا اسٹودیو کو دیکھنے کے لیے اور ڈرامہ اداکاروں سے ملنے کے لیے شائقین کا ہر وقت رش لگا رہتا ہےجبکہ بہت بڑی تعداد میں اس سیٹ یا اسٹوڈیو کو دنیا کے دور دراز کے ممالک سےآنے والے شائقین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جیو انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل پر دیکھے جانے والے اس ڈرامے کے سحر میں مبتلا افراد بڑی تعداد میں استنبول کے براعظم ایشا کے بیکوز (Beykoz) میں واقع سیٹ یا اسٹوڈیو میں اردو زبان جاننے اور بولنے والے شائقین کی بھی بڑی تعداد دکھائی دے گی۔

کرولش عثمان ڈرامہ سیریز صرف اردو زبان ہی میں ڈب نہیں کیا گیا ہے بلکہ دنیا کی کئی ایک زبانوں میں ڈب کرتے ہوئے اسے پیش کیا جا رہا ہے۔

اس سیٹ کو دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین نہ صرف ڈرامہ کے اداکاروں کو قریب سے دیکھنے کا موقع حاصل کرتے ہیں بلکہ انہیں تاریخ کے اوراق میں جھانکنے کا موقع ملتا ہے اور ڈرامہ سیریز کی خیمہ بستی، اس دور کے بازاروں، تاریخی عمارتوں اور قلعوں کو بھی قریب سے دیکھنے کا موقع میسر آتا ہے۔ شائقین یہاں پر اپنے آ پ کو اس تاریخی ڈرامے کا ایک کردار ہونے پر پر یقین کرنے لگتے ہیں۔ یہ سیٹ مصنوعی سیٹ ہونے کا آپ کو ذرہ بھر بھی احسا س نہیں ہونے دیتا ہے بلکہ آپ اپنے آپ کو اس دور کا ایک کردار ہی سمجھتے ہیں۔

بوزداع ڈرامہ سیٹ پر آنے والے شائقین ، گینچ بازار ، اِنے گیول قلعہ، ینی شہر، مارمارجیک قلعہ، کولوجا حصار، سوعت، خرزم شاہ پیلس اور سب سے اہم قائی اوبا ، یا قائی بیٹھک وغیرہ دیکھ سکتے ہیں۔

اس ڈرامہ سیٹ پر شائقین کو اس دور کے ملبوسات زیبِ تن کرنے، گھوڑ سواری کرنے ، قائی قبیلے کے افراد کی روز مرہ زندگی کے مختلف پہلووں کو نہ صرف قریب سے دیکھنے کا موقع میسر آتا ہے بلکہ ان سب کو اس ڈرامہ سیٹ پر تصاویر بنوانے اور ویڈیو بنانے کا بھی موقع مل جاتا ہے ۔

اس ڈرامہ سیٹ پر آنے والے شائقین اپنا پورا دن اس سیٹ پر گزار سکتے ہیں ، مختلف حصوں کا دورہ کرسکتے ہیں۔ مہمت بوزداع نے یہاں پر آنے والے سیاحوں کے لیے ایک قدیم طرز کاجدید سہولیات کے ساتھ ریسٹورانٹ بھی قائم کررکھا ہے تاکہ اس سیٹ پر آنے والے شائقین، کافی چائے، مشروبات، اور ترک کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوسکیں اور تھوڑی دیر بیٹھ کر ریسٹ بھی کرسکیں۔

ہر روز شام کے وقت شائقین کے لیے لائیو شو کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جس میں ڈرامے میں حصہ لینے والے اداکار نہ صرف شائقین میں گھل مل جاتے ہیں بلکہ ڈرامے میں اپنے پیش کردہ کردار کی کچھ جھلکیاں لائیو بھی پیش کرتے ہیں۔ یہاں سیٹ پر ہی تیر اندازی ، ریسلنگ اور ہارس شوپیش کیا جاتا ہے جس میں شائقین بڑی گہری دلچسپی کااظہار کرتے ہیں۔

اس سیٹ پر سب سے زیادہ رش آپ کو کورولش عثمان کے مرکزی کردار عثمان بے کےمرکزی خیمہ پر دکھائی دے گا۔ اس خیمہ میں شائقین عثمان بے کے پہنے ہوئے یونیفارم کو پہننا اپنے لیے ایک اعز از سمجھتے ہیں اور ہاتھ میں تلواراٹھائے پوز دینے کو اپنا ایک اہم فریضہ سمجھتے ہیں۔

سوعت کے علاقے میں قطار در قطار موجود خیموں کو شائقین ایک ایک کرکے اس کے اندر جھانکنے کو اپنے لیے خوشی کا سب سے بڑا وسیلہ سمجھتے ہیں اور ان کی خوشی اس وقت دوبالا ہوجاتی ہے جب کوئی اداکار ان کے قریب آ کر ان سے بات چیت کرتا ہے۔

جیسا کی عرض کرچکا ہوں یہاں پر موجود قدیم طرز کے جدید ریسٹورانٹ میں روائتی شربت سے بھی لطف انداز ہوسکتے ہیں اور اگر آپ کافی پینا چاہیں تو بوزداع ڈرامہ سیٹ پر کافی اور خاص طور پر ٹڑکش کافی سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور اپنی دن کی تھکن دور کرتے ہوئے شام کو ہونے والے لائیو شو کے لیے اپنے آپ کو ترو تازہ محسوس کرسکتے ہیں۔

اسی سیٹ پر گفٹ شاپ بھی موجود ہے جہاں ہر وقت خریدو فروخت کرنے والے شائقین کا تانتا بندھا رہتا ہے ۔ شائقین اس گفٹ شاپ میں رکھے گئے، ڈرامہ سیریز میں استعمال ہونے والے ملبوسات، شالوں، تلواروں، نیزوں اور دیگر تمام اشیاء کو خرید سکتے ہیں اور اپنے ساتھ لے جاسکتے ہیں۔

بوزداع ڈرامہ سیٹ پر برصغیر پاک و ہند کے علاوہ لاطینی امریکہ ممالک سے لے کر مشرقِ وسطی،

وسطی ایشیا، افریقہ، بلقان جیسےخطوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ ترکیہ کے مقامی باشندے بھی بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں۔

بوزداع فلم بورڈ کے چیئرمین، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر مہمت بوزداع نے جیو کے نمائندے ڈاکٹر فرقان حمید کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے وہ پاکستان کے عوام کو سلامِ محبت پیش کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان اور پاکستان کے عوام ہمارے دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں اور ان کے لیے پاکستان کو الگ ہی مقام حاصل ہے ۔اس سال موسمِ سرما میں ستمبر، اکتوبر ، نومبر، دسمبر یا جنوری جو مہینے بھی مناسب ہوئے میں آپ ہی کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنا چاہتا ہوں۔ پاکستان کے صدر اور وزیراعظم نے بھی ہمیں کئی بار پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے ۔ انشاء اللہ فرقان بھائی آپ کے ساتھ ہی مل کر اس دورے کو آرگنائز کرتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے آپ کو پہلے بھی بتایا تھا ہم (مغل حکمران) با بر کے بارے میں ڈرامہ سیریز بنانا چاہتے ہیں ۔ یہ ہمارا مشترکہ منصوبہ ہوسکتا ہے۔ انشاء اللہ ہم اسے حقیقت کا روپ دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ڈرامہ سیٹ پر پاکستان کے صدر عارف علوی بھی آچکے ہیں۔ انہیں بھی ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی اور کرولش عثمان بے حد پسند ہیں۔

انہوں نے اس ڈرامہ سیریز کے ذریعے ہی ڈرامہ کے Concept تبدیل کیے جانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی ہاں ہم نے اپنی کہانی میں جن ہیروز کو پیش کیا ہے وہ عالمی شہرت یافتہ ہیں جو عالمی تاریخ پر اپنے انمٹ نقوش چھوڑنے والی ممتاز شخصیت ہیں اور شائقین نے اسی وجہ سے اس ڈرامہ سیریز کو بے حد پسند کیا۔

انہوں نے سیٹ کے عوام کے لیے دروازے کھولنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بیرون ملک بہت سے ایسے سیٹ دیکھے ہیں جو فلم یا ڈرامہ مکمل ہونے کے بعد عوام کے لیے کھول دیے گئے اور ہم نے بھی ایسا ہی کیا ہے تاکہ عوام شوٹنگ والے مقامات اور سازو سامان کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں۔ مہمت بوزداع نے کہا کہ انہیں یہاں یورپ کا سب سے بڑا فلم سیٹ قائم کرنے پر فخر ہے، اور پہلے دن سے ہی دیکھنے والوں نے بڑی گہری دلچسپی لی ہے ۔ دور دراز کے ممالک کے ساتھ ساتھ مقامی لوگ بھی اس سیٹ کا دورہ کرتے ہیں اور یہاں پر ڈرامے سے متعلق ہونے والے لائیو شو میں بھی بڑی گہری دلچسپی لیتے ہیں۔

مہمت بوزداع نے کہا کہ وہ اس سیٹ کو مزید پُر کشش بنانے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں اور مزید شوز منعقد کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کو یہاں پر بڑے سرپرائز بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جیو انٹرٹینمنٹ چینل کے توسط سے اپنے تمام ناظرین اور شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ جلد ہی پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے اپنے پاکستانی شائقین سے ملاقات بھی کریں گے۔

انہوں نے اس اس سیٹ پر آنے والے شائقین کو سیٹ میں گھومنے اور لائیو شو کی ٹائمنگ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ یہ سیٹ سب لوگوں کے لیے ہر روز صبح دس بجے سے رات آٹھ بجے تک کھلا رہتا ہے اور شام کو لائیو شو کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

بوزداع ڈرامہ سیٹ ” ارطغرل غازی “سے لے” کرولش عثمان اور ” داستان” جیسی کامیاب ٹی وی سیریز کی میزبانی کررہا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com