لکھنؤ: یوپی کی راجدھانی لکھنؤ میں ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پی جی آئی کے سیکٹر 12 علاقے میں کالندی پارک کے قریب زیر تعمیر اپارٹمنٹ کا ایک حصہ اچانک گر گیا۔ اس کی وجہ سے کئی مزدور ملبے میں دب گئے۔ جبکہ دو افراد ہلاک ہو گئے۔
موقع پر موجود لوگوں نے بتایا کہ جمعرات کی دوپہر کو زیر تعمیر اپارٹمنٹ کے تہہ خانے کی جے سی بی سے کھدائی کی گئی تھی۔ جس کی وجہ سے عمارت کو نقصان پہنچا اور رات گئے اس کا کچھ حصہ گر گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ آخری اطلاع موصول ہونے کت ملبے تلے دبے مزدوروں کو نکالنے کا کام جاری تھا اور 14 افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے۔