نئی دہلی: ( نمائندہ) معروف نیوز پورٹل اور یوٹیوب چینل” ملت ٹائمز “ کی نئی آفس کے افتتاح کے موقع پر ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں ملک کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ معروف دانشور پروفیسر اختر الواسع نے کہاکہ شمس تبریز قاسمی کو اللہ تعالی نے بیباکی اور ہمت کے ساتھ غیر معمولی ذہانت سے نوازا ہے جس کا نتیجہ ہے کہ مشکل ترین دور میں انہوں نے ملت ٹائمز کو ملک کے مقبو ل ترین میڈیا ہاؤسز کی صف میں شامل کرلیا ہے اور مسلمانوں کو قابل فخر پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جس کے لئے سبھی ان کے ممنو ن ہیں ۔مولانا اسجد زبیر قاسمی مہتمم جامعہ عربیہ شمس العلوم شاہدرہ نے کہاکہ ملت ٹائمز جیسا میڈیا ہاؤس وقت کی ضرورت تھی جس کو انہوں نے پورا کردیا ہے ، اب ہم سب کو اسے مضبوط بنانا ہوگا اور ہرطرح کا تعاون دینا ہوگا کیوں کہ یہ ملت کا سرمایہ ہے ۔ جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر انجینئر سلیم نے کہاکہ شمس تبریز قاسمی کو کئی سالوں سے جانتا ہوں ، کم وقت میں انہوں نے بے مثال کامیابی حاصل کی ہے اور صحافت کے میدان میں ایک شناخت قائم کی ہے ۔ اس وقت ایسے میڈیا ہاؤسز اور یوٹیوب چینل کی سخت ضرورت ہے اور ملت ٹائمز اس کمی کو بخوبی پورا کررہا ہے ۔ معروف صحافی اے یو آصف نے افتتاحی گفتگو میں تفصیل سے ملت ٹائمز کا تعارف کراتے ہوئے کہاکہ یہ ادارہ سال 2016 میں مولانا رابع حسنی ندوی مرحوم کے ہاتھوں ممبئی میں شروع ہوا تھا ، پھر اردو کے بعد انگریزی اور ہندی زبان میں ویب سائٹ لانچ ہوئی ، پھر یوٹیوب چینل شروع ہوا اور چند سالوں میں ہی اس کے سبسکرائبرز لاکھوں میں ہوگئے ۔ اس وقت ملت ٹائمز کے ماہانہ ناظرین اور قارئین کی تعداد 70 ملین سے زیادہ ہے ۔ ملت ٹائمز کی ایک اور خوبی یہ ہے کہ اس کے ناظرین ، قارئین اور چاہنے والے سبھی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ، خود شمس تبریز قاسمی کی پہچان سوشل میڈیا کے علاوہ مین اسٹریم میڈیا کے صحافیوں میں بھی ہے ، پریس کلب آف انڈیا میں منیجنگ کمیٹی کے وہ ممبر رہ چکے ہیں اور انہیں امتیازی خصوصیت کے ساتھ جانا جاتا ہے ۔ معروف صحافی شفیق الحسن نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملت ٹائمز نے کم وقت میں نمایاں پہچان بنائی ہے اور اس کی مثال نایاب ہے ۔ مفتی عبید اللہ قاسمی ایسوسی ایٹ پروفیسر دہلی یونیورسیٹی نے کہاکہ میں اول دن سے شمس تبریزقاسمی کی جدوجہد کا گواہ ہوں ، جب انہوں نے شروع کیا تھا تو ہم لوگوں کو اتنی بڑی کامیابی کا اندازہ نہیں تھا لیکن اپنی محنت اور لگن سے انہوں نے اتنابڑا مضبوط میڈیا ہاؤس بنالیا ہے جس کیلئے مبارکباد کے حقدار ہیں ۔
اس موقع پر شمس تبریز قاسمی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ جنوری 2024 میں ملت ٹائمز کو آٹھ سال مکمل ہوگئے ہیں اور دھیرے دھیرے یہ ادارہ بڑا ہوتا ہے جارہا ہے ، شروعات بغیر آفس کی ہوئی تھی ، پھر ایک کمرہ کی آفس میں ہم لوگوں نے کام کیا ، اس کے بعد تین روم کا آفس کرایہ پر لیا گیا اور اب اس سے بڑی جگہ ہم لوگوں نے کرایہ پر لیکر آفس اور اسٹوڈیو بنایا ہے ۔ ہمارا عزم ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید محنت ،لگن اور جذبہ کے ساتھ کا کام کرنا ہے ، بیباکی کا سفر جاری رکھنا ہے اور صحافتی اقدار کو مضبوطی کے ساتھ تھام کر چلنا ہے ۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر اجمل قاسمی ، مولانا مرتضی قاسمی شیخ الحدیث شمس العلوم شاہدرہ ، ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی ، مرزا سرفراز بیگ، اشرف زیدی ، ہدایت علی صدیقی ، سید تحسین احمد ، انجینئر شمس الضحی، ڈاکٹر حفظ الرحمن قاسمی ، ڈاکٹر ظل الرحمن تیمی ، رضوانہ مشتاق ، صائمہ خان، نوجوان صحافی میر فیصل ، نوجوان صحافی مہربان علی ، فیض الباری ، ڈاکٹر منظر امام ، اشرف علی بستوی ،علم اللہ ، محمد جاوید ، معراج ، ڈاکٹر شبنم ، شاہد حسین سمیت متعدد لوگوں نے اظہار خیال اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ دعائیہ تقریب کے موقع پر دارالعلوم حسینہ اوکھلا کے بچوں نے قرآن خوانی بھی کی ، مولانا اسجد زبیر صاحب کی دعاء پر تقریب اختتام پذیر ہوئی ۔






