گورکھپور(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں )
راشٹریہ لوک دل کے قومی صدر چودھری اجیت سنگھ نے وزیر اعظم کے کپڑوں پر چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو فیشن کرنے کا شوق ہے تو ان کو مودی سے سیکھنا چاہیے ، جو دن میں تین بار کپڑے تبدیل کرتے ہیں۔وہ جمعرات کو سنت کبیر نگر ضلع کے خلیل آباد، میہداول اور کیمپیئر گنج میں پارٹی امیدوار کے حق میں منعقد انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ یوپی اسمبلی کا یہ انتخابات الگ ہے، اس الیکشن کے ذریعے طے ہوگا کہ مودی مرکز کے اقتدار میں رہیں گے یا نہیں۔ انہوں نے ملک کی عوام سے بے شمار وعدے کئے، لیکن اپنی ڈھائی سال کی مدت میں انہوں نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔اجیت سنگھ نے بی جے پی کو فسادات کرانے والی پارٹی اورایس پی ، بی ایس پی کو کسانوں کے ساتھ دھوکہ کرنے والی پارٹی کہا ہے۔ایس پی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے اجیت سنگھ نے کہا کہ جو بیٹا اپنے باپ کا نہیں ہو سکا ہے وہ آپ کا کیا ہوگا، اس سے ریاست کی بھلا ئی کیسے ہو سکتی ہے۔بی ایس پر طنز کستے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پارٹی نے عوامی مفاد کے لیے کبھی جدوجہد نہیں کی ۔مایاوتی پر حملہ بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی ایس پی سربراہ سیاست نہیں بلکہ ٹکٹ کا کاروبار کرتی ہیں، کسانوں کے مفاد کے لیے انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا۔اجیت سنگھ نے کہا کہ ریاست میں آر ایل ڈی کی حکومت بننے پر 100دن کے اندر کسان کمیشن قائم کیا جائے گا۔بی ایس پی سپریمو مایاوتی پر شدید حملہ جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہن جی سیاست نہیں کرتیں ، ان کا دھندہ دوسرا ہے، انہوں نے کبھی غریبوں کے لیے کوئی دھرنا احتجاج وغیر نہیں کیا۔ان کی پارٹی سے ٹکٹ لینے والوں کو پتہ ہوتا ہے کہ مایا وتی کا دھندہ کیا ہے۔