لوک سبھا انتخاب 2024 کا شور اب ختم ہونے والا ہے۔ کل یعنی 4 جون کو ووٹ شماری کا عمل انجام پائے گا، اور پھر حکومت سازی کی کوششیں شروع ہو جائیں گی۔ لیکن جس طرح سے بیشتر ایگزٹ پول ایک بار پھر مودی حکومت بنتی ہوئی ظاہر کر رہے ہیں، اس نے کئی سیاسی ماہرین اور صحافیوں کو حیران کر دیا ہے۔ کانگریس و دیگر اپوزیشن پارٹیاں بھی حیرت میں ہیں اور وہ اس ایگزٹ پول کو سرے سے خارج کر رہے ہیں۔ انھیں خدشہ ہے کہ ووٹ شماری میں دھاندلی کی کوشش ہو سکتی ہے، اور اسی لیے کانگریس نے ایک بیان جاری کر پارٹی کارکنان و عوام کو باخبر رہنے کی اپیل کی ہے۔
کانگریس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ”یہ عوام کا انتخاب ہے۔ گزشتہ دنوں ہم سب نے دیکھا کہ بی جے پی لیڈران اور ان کی حکومت انتخاب کے دوران جمہوریت و آئین کی کس طرح خلاف ورزی کرتے ہیں۔ اس لیے کل، ووٹوں کی گنتی کے وقت ہمیں مستعد اور محتاط رہنا ہوگا۔ گھروں میں بیٹھ کر نیوز چینلوں پر ریزلٹ دیکھنے کی جگہ کانگریس کے سبھی کارکنان کو ضلع کانگریس دفاتر اور ریاستوں کے کانگریس دفاتر میں صبح سے ہی پہنچنا ہوگا۔ ہر ریاست کے انچارج یقینی کریں کہ کانگریس دفاتر میں کارکنان کے لیے مناسب انتظامات ہوں۔ جہاں بھی ضرورت پڑے وہاں کارکنان کو فوراً بھیجنے کا انتظام ہو۔”
اس بیان میں مزید لکھا گیا ہے کہ ”دہلی میں کانگریس کا مانیٹرنگ سنٹر 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔ اگر عوام کو لگتا ہے کہ کہیں گڑبڑی ہو رہی ہے تو موبائل پر اسے ریکارڈ کر لیں۔ ہم موبائل نمبر جاری کر رہے ہیں۔ اس پر وہ فوراً جانکاری بھیجیں۔ ساتھ میں کاؤنٹنگ سنٹر کا نمبر اور لوک سبھا حلقہ کی جانکاری لکھ کر بھیجیں۔” ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ ”کانگریس کا ہر کارکن اپنے اپنے علاقے میں عوام کے ساتھ رابطہ میں رہیں۔ ہر جانکاری کانگریس ہیڈوکارٹر تک پہنچائیں۔”
ووٹ شماری کے درمیان احتیاط اور مستعدی کا خیال رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کانگریس نے پارٹی کارکنان سے کہا ہے کہ ”ووٹ شماری کے عمل میں ہمیں کسی بھی ممکنہ گڑبڑی کو روکنا ہوگا۔ اس بار کا انتخابی نتیجہ جمہوریت بچانے کا مینڈیٹ لے کر آئے گا۔ سبھی ہوشیار رہیں۔ ہم سب مل کر حالات بدلیں گے۔” بیان کے آخر میں کانگریس نے ویڈیو بھیجنے کے لیے فون نمبر 7982839236 اور شکایت کے لیے فون 9560822897 جاری کیا ہے۔