ہاتھرس سانحہ : راہل گاندھی علی گڑھ پہنچے، متاثرہ اہل خانہ سے کی ملاقات

نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی علی گڑھ اور ہاتھرس کے دورے پر ہیں۔ جہاں وہ ہاتھرس سانحہ میں اپنی جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے علی گڑھ کے پلکھنا گاؤں میں منجو کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ منجو کے بیٹے پنکج کی ہاتھرس میں بھگدڑ میں موت ہو گئی۔ راہل گاندھی اس کے بعد ہاتھرس پہنچ کر متاثرہ خاندان سے ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ ہاتھرس میں سورج پال عرف بھولے بابا کے ستسنگ کے دوران بھگدڑ مچنے کی وجہ سے 120 سے زیادہ افراد کی جان چلی گئی تھی۔ مہلوکین میں بیشتر خواتین شامل ہیں اور اس سانحہ کی وجہ سے انتظامیہ پر بھی سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے بھولے بابا کے پروگرام کے انعقاد کی اجازت دی تھی لیکن عقیدت مندوں کے بیٹھنے کا کوئی مناسب انتظام نہیں تھا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔

دریں اثنا، موقع پر تعینات یوپی پولیس کانسٹیبل کی شیلا موریہ نے کہا، ”مجھے اسٹیج پر تعینات کیا گیا تھا۔ پروگرام ختم ہونے کے بعد لوگ ایک دوسرے پر گرنے لگے اور دھکا مکی کرنے لگے۔ اس دوران میں نے بہت سی خواتین کی مدد کی۔ مجھے بھی چوٹیں آئیں۔”

اس سانحہ میں اب تک 123 لوگوں کی جان جا چکی ہے۔ جس کے بعد سے بابا فرار ہے۔ یوپی پولیس کے مطابق اس نے بابا کی تلاش کے لیے کارروائی تیز کر دی ہے اور کئی اضلاع میں چھاپے جاری ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں اب تک 30 خادموں کو حراست میں لیا ہے، جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com