نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت

یتی نرسنگھا نند کے خلاف سخت کاروائی کی جائے: ملی کونسل

نئی دہلی: ( پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل نے مردود پجاری نرسنگھا نند کی جانب سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس قابل مذمت حرکت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی اور یہ عمل نہ صرف مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے بلکہ ملک کے امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے بھی خطرہ ہے۔

آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نرسنگھا نند کا یہ بیان مذہبی نفرت کو فروغ دینے اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی ایک مذموم کوشش ہے۔حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پوری دنیا کیلئے مشعل راہ اور آئیڈیل ہیں،تمام مذاہب میں ان کے احترام کیا جاتاہے ، وہ سبھی کیلئے رحمت بن کر آئے تھے۔ ڈاکٹر منظور عالم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے افراد کے خلاف فوری طور پر سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ بھارت جیسے سیکولر ملک میں جہاں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو برابری کا حق حاصل ہے، ایسی شرانگیزیوں کو قطعی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ آل انڈیا ملی کونسل نے تمام عوام اور بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور قانونی اور آئینی راستوں سے اس معاملے کا مقابلہ کریں۔

ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت اس واقعہ کا نوٹس لے کر نرسنگھا نند کے خلاف سخت اقدامات کرے گی تاکہ بھارت کی گنگا جمنی تہذیب برقرار رہ سکے اور عوام میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ ملے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com