مہاراشٹر میں شاندار جیت کے بعد پی ایم مودی نے کہا – ’وقف قانون کی آئین میں کوئی جگہ نہیں‘

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز مہاراشٹر میں بی جے پی کی زیرقیادت اتحاد کی شاندار فتح کو اس کے حکمرانی ماڈل کی مقبولیت اور کانگریس کے “جھوٹ اور فریب” کو مسترد کرنے کے طور پر سراہا، کیونکہ انہوں نے گاندھی خاندان پر “ذات پرستی اور تفرقہ بازی کا زہر پھیلانے کا الزام لگایا۔ سیاسی اعتبار سے قیمتی ریاست میں این ڈی اے کی بے مثال جیت سے خوش ہو کر، پی ایم مودی نے آئین کے سیکولر اصولوں کو “دھوکہ دینے” کے لیے کانگریس کی تنقید کی اور وقف ایکٹ کا حوالہ دیا، جس میں ان کی حکومت ترمیم کرنا چاہتی ہے،کانگریس نے حقیقی سیکولرازم کو سزائے موت دینے کی کوشش کی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ وقف قانون کی آئین میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

مودی مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ ملک کی 15 ریاستوں کے 48 اسمبلی حلقوں اور کیرالہ کے وایناڈ پارلیمانی حلقہ اور مہاراشٹر کی ناندیڑ لوک سبھا سیٹ کے نتائج کے اعلان کے بعد یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ہیڈکوارٹر پہنچے۔ بی جے پی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر مسٹر مودی کا پارٹی صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے استقبال کیا۔

یہاں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج مہاراشٹر میں ترقی اور اچھی حکمرانی کی جیت ہوئی ہے، مہاراشٹر میں حقیقی سماجی انصاف کی جیت ہوئی ہے۔ جھوٹ اور فریب کو بری طرح شکست ہوئی ہے۔ تقسیم کرنے والی قوتوں کو شکست ہوئی، منفی سیاست کو شکست ہوئی، آج اقربا پروری کو شکست ہوئی۔

انہوں نے کہا ”انڈی کے لوگ ملک کے بدلے ہوئے مزاج کو سمجھ نہیں پا رہے ہیں۔ یہ لوگ سچائی کو قبول نہیں کرنا چاہتے۔ یہ لوگ آج بھی ہندوستان کے عام ووٹر کی صوابدید کو کم سمجھتے ہیں۔ ملک کے ووٹر عدم استحکام نہیں چاہتے۔ وہ نیشن فرسٹ کے ساتھ ہیں۔ جو لوگ کرسی فرسٹ کے ساتھ ہیں انہیں ملک کی فطرت پسند نہیں آرہی۔

انڈیا اتحاد پر حملہ کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے سوچا کہ آئین اور ریزرویشن کے نام پر جھوٹ بول کر، وہ درج فہرست ذاتوں اور قبائل (ایس سی ایس ٹی)، دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کو گروہوں میں تقسیم کر دیں گے۔ مہاراشٹر نے کانگریس اور اس کے اتحادیوں کی سازش کو براہ راست مسترد کر دیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا، “مہاراشٹر نے ڈنکے کی چوٹ پر کہا ہے… ایک ہیں تو سیف ہیں۔ اس کے جذبے نے ذات، مذہب، زبان اور علاقے کے نام پر لڑنے والوں کو سزا دی ہے۔ او بی سی، دلت، قبائلی بھائیوں اور بہنوں نے بی جے پی-نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو ووٹ دیا۔ پورے معاشرے نے ہمیں ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا ”مہاراشٹر کے مینڈیٹ کا ایک اور پیغام ہے”۔ پورے ملک میں ایک ہی آئین چلے گا۔ وہ آئین بابا صاحب امبیڈکر کا آئین، ہندوستان کا آئین ہے۔ جو بھی ملک میں دو آئین کی بات کرتا ہے۔ ملک اسے مکمل طور پر مسترد کر دے گا۔ کانگریس اور اس کے اتحادیوں نے ایک بار پھر جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی دیوار کھڑی کرنے کا کام کیا۔ اس نے آئین کی بھی توہین کی ہے۔

مسٹر مودی نے کہا ”میں کانگریس والوں سے کہتا ہوں، اس کے ساتھیوں سے کہتا ہوں کہ وہ کان کھول کر سنیں، اب دنیا کی کوئی طاقت جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو واپس نہیں لاسکتی”۔

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے عوام نے کانگریس اور اس کے اتحادیوں کے سوچنے والے ایکو سسٹم کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com