نئی دہلی: (پریس ریلیز) ملک کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری اور انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز نئی دہلی کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد منظور عالم نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نہایت ہی سلجھے ہوئے، مخلص اور محنتی شخصیت کے حامل انسان تھے۔ انہوں نے 1991 میں ہندوستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا اور ایک ذمہ دار فنانس منسٹر کی حیثیت سے اپنے فرائض بخوبی انجام دیے۔
ڈاکٹر منظور عالم نے مزید کہا کہ 2004 میں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے ملک کی ترقی کے لیے نہایت جدوجہد کی اور ہندوستان کو عالمی سطح پر ایک نیا مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت میں ہندوستان کی ترقی اور استحکام کو ایک نئی سمت ملی، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ڈاکٹر منظور عالم نے اس بات پر زور دیا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ مسلمانوں کے لیے ہمیشہ ایک مثبت سوچ رکھتے تھے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے۔ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کی سفارش پر ڈاکٹر منموہن سنگھ نے سچر کمیٹی تشکیل دی، جس نے بھارتی مسلمانوں کی تعلیمی، سماجی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا اور ایک جامع رپورٹ پیش کی۔
اسی دور میں پہلی مرتبہ وزارت برائے اقلیتی امور کا قیام عمل میں آیا تاکہ اقلیتوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دی جا سکے اور ان کے لیے ترقی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ ڈاکٹر منظور عالم نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کا رویہ نہایت ہمدردانہ اور شفاف تھا۔ وہ تنقید کے باوجود سب کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کرتے رہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ وہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے تحقیقی پروگراموں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ انسٹی ٹیوٹ کے ایک کانفرنس بعنوان “ہند-عرب تعلقات: ترقی میں شراکت داری” میں، انہوں نے مصروفیات کے باوجود عرب مندوبین سے ملاقات کی یہ بات 13 نومبر 2006 کی ہے، اس موقع پر عرب دانشوران کے ساتھ چائے کے دوران ان سے طویل گفتگو کی اور بہت سارے امور کو انہوں نے جاننے کی کوشش کی۔ یہ ان کی عرب دنیا کے ساتھ تعاون اور شراکت کے وژن کی عکاسی بھی کرتا ہے۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی وفات سے ملک ایک مخلص، دیانتدار اور دانشمند رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ ان کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور انہیں ہندوستان کے بہترین وزرائے اعظم اور کانگریس کے مخلص رہنما کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔






