جھارکھنڈ کے برہیٹ میں کوئلہ ڈھونے والی دو مال گاڑیوں میں ٹکر ہونے کی خبر ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق فرخہ سے للمٹیا جا رہی مال گاڑی برہیٹ میں کھڑی تھی، تبھی للمٹیا سے کوئلہ لے کر فرخہ جا رہی مال گاڑی نے اس میں ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ دونوں مال گاڑیوں کے انجن کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں شدید آگ لگ گئی۔
اس واقعہ کی اطلاع فائر بریگیڈ کو دی گئی۔ صاحب گنج ہیڈکوارٹر سے جائے وقوع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی ٹیم نے آگ پر قابو پایا۔ حادثے میں دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ مہلوک کی لاش کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ یہ حادثہ صبح 3.30 بجے پیش آیا جس کی وجہ سے اس لائن پر مال گاڑیوں کی آمد و رفت ٹھپ ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس لائن کو پھر سے شروع کرنے میں دو سے تین دن کا وقت لگ سکتا ہے۔
فائر بریگیڈ ملازم نے بتایا کہ انجن میں سات لوگ سوار تھے جس میں دو کی موت ہو گئی ہے جبکہ 4 زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ ایک ملازم انجن میں پھنسا ہوا ہے جسے باہر نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سبھی زخمیوں کو برہیٹ صدر اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے جس میں کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریل انتظامیہ بھی موقع پر پہنچی۔ برہیٹ پولیس بھی جائے وقوع پر جانکاری حاصل کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ غور طلب ہے کہ پہلے بھی این ٹی پی سی کی اس لائن پر حادثہ ہو چکا ہے۔ حال ہی میں کچھ جرائم پیشہ عناصر کے ذریعہ بم دھماکہ کرکے ریل پٹری کو اڑا دیا گیا تھا جس میں کوئلہ لدی گاڑی پٹری سے نیچے اتر گئی تھی۔