نئی دہلی: (ملت ٹائمز) ملتِ اسلامیہ ہند کے لیے ایک گہرے صدمے کی خبر ہے کہ معروف تعلیمی و فکری شخصیت، انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز (IOS) کے چیئرمین، اسلامک فقہ اکیڈمی، آل انڈیا ملی کونسل (ملی کونسل) اور متعدد اہم ملی اداروں کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد منظور عالم آج صبح پانچ بج کر پینتیس منٹ پر میکس اسپتال، نئی دہلی میں انتقال فرما گئے۔
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم ملت کے ایک مخلص مربی، کہنہ مشق دانشور اور مدبر رہنما تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی علمی تحقیق، فکری رہنمائی اور ملی اداروں کے استحکام کے لیے وقف کر دی۔ آئی او ایس کے پلیٹ فارم سے انہوں نے تحقیق، مکالمہ اور فکری شعور کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دیں، جبکہ اسلامک فقہ اکیڈمی اور دیگر اداروں کے ذریعے عصری مسائل پر سنجیدہ علمی رہنمائی فراہم کی۔
ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی ملک بھر کے علماء، دانشوروں، تعلیمی شخصیات اور ملی تنظیموں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف حلقوں نے اسے ملت کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے مرحوم کی علمی و ملی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ تعزیتی پیغامات کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
مرحوم کی خدمات اور فکری وراثت کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔






