ڈاکٹر محمد منظور عالم قوم وملت کے عظیم مفکر، نظریہ ساز،محقق اور علمی شخصیت تھے: محمدعالم قاسمی

پٹنہ: (پریس ریلیز) آل انڈیاملی کونسل،بہارکے صدر ڈاکٹر مولانا محمد عالم قاسمی نے ممتاز دانشور، عالمی شخصیت ڈاکٹر محمد منظور عالم جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل ہندکے سانحۂ ارتحال پر اپنے تعزیتی بیان میں فرمایاکہ ڈاکٹر صاحب کی شخصیت پورے ملک کے لیے ایک عظیم سرمایہ تھی اور وہ ایک تھنک ٹینک اور ماہر فکروخیال کی حیثیت سے ساری دنیا میں متعارف تھے، ہمیشہ قوم وملت کی فکر میں رہے اور ان کے غم کے مداوے کی کوشش بھی کی۔کئی علمی اورفکری ادارے بھی قائم کیے اور اس کے ذریعہ علم وتحقیق کے میدان میں کارہائے نمایاں انجام دیے۔ قاضی مجاہد الاسلام قاسمی ؒکے ساتھ ڈاکٹر منظور عالم نے پورے ملک کے مسلمانوں کی رہنمائی کے لیے ایک عظیم ملی پلیٹ فارم آل انڈیاملی کونسل کے نام سے قائم کیا۔ جس کی شاخیں پورے ملک کے اندر نہایت ہی فعال رول اداکررہی ہیں، انہوں نے ملی کونسل کے ذریعہ پورے ملک میں ایک مخلص وفعال ٹیم تیار کی۔ وہ علمی میدان کی عظیم شخصیت ہونے کے ساتھ مردم سازبھی تھے۔ ان کی پوری زندگی جدوجہد سے پر ہے۔ آپ کاوطنی تعلق صوبہ بہار کے مدھوبنی ضلع کے رانی پور، بسیٹھا گاؤں سے ہے؛مگران کی خدمات کا دائرہ پورے ملک پر محیط ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا تھا، انہوں نے پوری دنیا میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا، سعودی عرب کے بادشاہ شاہ فہد اور ملیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم سے ان کے نہایت ہی قریبی تعلقات تھے اور بہت دنوں تک سعودی عرب کے بادشاہ کے اقتصادی مشیر کی حیثیت سے بھی کام کیا۔نہایت اعلیٰ عہدہ پر فائزتھے؛مگر اپنے ملک و ملت کی خاطر اپنے وطن میں آکرانہوں نے علم وفکر کی جوت جگائی اورعلم وتحقیق کے میدان میں ایک روشن باب قائم کیا۔ کئی تحقیقی کتابوں کے مصنف ہیں اوربہت سے اہم علمی موضوعات پرتحقیقی سیمینارکرائے۔ او آئی ایس کے چیرمین تھے، جس کے پلیٹ فارم سے انہوں نے تحقیقی رجال کار تیار کیے۔باور ہر موقع پر ملت کی نہایت ہی سنجیدگی سے رہنمائی کی، گوناگوں صلاحیت کے مالک تھے، اپنی حکمت عملی کی بنیاد پر مسائل کے حل کی راہ بھی بتائی۔آپ کی خدمات کا دائرہ نہایت ہی وسیع ہے۔ جسے ملت ہمیشہ یادرکھے گی۔ آپ کاا س دنیا سے جدا ہونا ملک و ملت کا ایک عظیم خسارہ ہے، ان کے انتقال پر پوری ملت اپنے محسن کو یاد کرتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ہم کارکنان آل انڈیا ملی کونسل،بہار کی جانب سے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور ان کے اداروں کے قائم کردہ فیض کو تا ابد جاری وساری رکھے۔ آمین

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com