بابری مسجد کے تعلق سے ظفر محمود صاحب کے بیان پر ہنگامہ برپا ،ایسے سودے بازوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل

نئی دہلی (ملت ٹائمز)
زکوۃ فاؤنڈیشن آف انڈیا کے صدر ظفر محمود صاحب کے بابری مسجد کے تعلق سے دیئے گئے بیان کی شدید مذمت اور مخالفت کی جارہی ہے اور سوشل میڈیا سے لیکر عوامی بول چال میں کہاجارہاہے کہ ایسے ہی لوگوں کے بیانات اورجملوں سے ملت کو ہمیشہ نقصان پہونچاہے جو اپنے مفاد کی خاطر ملت کا سوداکرنے پر اترجاتے ہیں اور مسجد کی اراضی کو بھی دوسروں کو دینے کیلئے آمادگی ظاہر کرتے ہیں،اس تعلق سے اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے رفیق مفتی احمد نادر القاسمی صاحب نے ملت ٹائمز کو فون کرکے اپنے سخت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ظفر محمود صاحب جیسے لوگوں کو ہر وقت حکومت کے کسی نہ کسی منصب کی فکر ستاتی رہتی ہے ،یہ لوگ ملت کو فنا کے گھاٹ اتاردینے والے خونی پنجہ ہیں اور ایسے لوگوں سے ملت کو ہمیشہ ہوشیار رہنے کی ضرور ت ہے،مفتی احمد نادر قاسمی صاحب نے کہاکہ بابری مسجد کا معاملہ مکمل طور پر دینی اور مذہبی ہے ،اس میں کسی قسم کی سودے بازی یا مصالحت کے بجائے اپنے حق اور ایمانی موقف پر قائم رہنا چاہیئے اور انجام سے قطع نظر ہمیں اللہ پر بھروسہ رکھنا چاہیئے۔
ہم آپ کو بتادیں کہ گذشتہ کل سپریم کورٹ نے بابری مسجداراضی ملکیت مقدمہ کیس بارے میں ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہاتھاکہ یہ آستھاسے جڑا ہوا مسئلہ ہے اس لئے دونوں فریق عدالت سے باہر اس کا فیصلہ کریں ،اس پر مختلف ملی رہنماؤں کے ردعمل سے الگ راہ اختیار کرتے ہوئے ظفر محمود صاحب نے کہاکہ مسلمان بابری مسجد سے دستبردار ہوجائیں گے بشرطیکہ انہیں چنددوسری کچھ چیزیں دے دی جائے جیسے علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی کو مرکزی حکومت اقلیت کا درجہ دے دیائے ،مسلم اکثریتی حلقوں سے ریزرویشن کو ختم کردیاجائے وغیرہ ۔