امریکہ میں 15سالہ لڑکی کے ساتھ 6لوگوں نے کی اجتماعی آبروریزی, فیس بک پر لائیو چلا ئی گئی ویڈیو

شگاگو(ایجنسیاں)
امریکہ کے معروف شہر شگاگو میں 15سالہ لڑکی کے ساتھ 6افراد نے اجتماعی عصمت دری کی اور اس اجتماعی زیادتی کی ویڈیو فیس بک پر لائیو چلا ئی گئی۔ اس ویڈیو کو40لوگوں نے براہ راست دیکھا ، پولیس نے لڑکی پر جنسی حملہ کرنے اور اس واقعے کو فیس بک پر لائیو نشر کرنے کے الزامات کے تحت 14سالہ لڑکے کو گرفتار کیا ہے۔لڑکی کو19مارچ کو چرچ جاتے ہوئے اغواء کیا گیا تھا جبکہ21مارچ کو اسے تلاش کر لیا گیا۔
بی بی سی کے مطابق شگاگومیں چرچ جاتے ہوئے ایک لڑکی کو اغواء کیا گیا جس کے ساتھ6افراد نے اجتماعی زیادتی کی جبکہ14سالہ لڑکے نے اس ویڈیو کو فیس بک پر لائیو چلا دیا۔پولیس نے لڑکے کو گرفتار کر لیا، اجتماعی زیادتی کرنے کے علاوہ ‘چائلڈ پورنوگرافی’ یا بچوں کی فحش ویڈیوز بنانے اور انہیں عام کرنے کے الزامات کا سامنا کرنے والے اس لڑکے کا نام کم عمر ہونے کی وجہ سے ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
مذکورہ لڑکی 19 مارچ کو اپنی فیملی کے ساتھ چرچ گئی جس کے بعد اسے اس کے گھر کے پاس اتارا گیا تھا لیکن وہ اس کے بعد لاپتہ ہوگئی۔ اسے 21 مارچ کو مبینہ جنسی حملے کے بعد تلاش کر لیا گیا تھا۔