بیجنگ(ایجنسیاںملت ٹائمز)
شمالی کوریا اور امریکہ کے مابین بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر چین اپنے ڈیڑھ لاکھ فوجی اور حربی سازوسامان شمالی کوریا کے بارڈر پر بھیج چکا ہے اور اب چین کی طرف سے ایک اور ایسی خبر آ گئی ہے جس سے تیسری عالمی جنگ کا امکان یقین میں بدلتا نظر آ رہا ہے۔ ڈیلی ا سٹار کی رپورٹ کے مطابق اب چین نے صورتحال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے اپنے جنگی طیاروں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ شمالی کوریا اور امریکہ کی جنگ کسی بھی وقت شروع ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ ”چین نے کروز میزائلوں سے لیس لڑاکا طیاروں کو ہائی الرٹ کیا ہے۔ یہ طیارے شمالی کوریا کے بارڈر کے پاس واقع چینی ایئربیس پر موجود ہیں۔“ سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی فوجی ذرائع کا کہنا تھا کہ ”چین شمالی کوریا کی غیریقینی کی صورتحال پر کم سے کم وقت میں ردعمل دینے کی پوزیشن میں آنا چاہتا ہے تاکہ اگر جنگ چھڑتی ہے تو اس کی افواج فوراً سے پیشتر حرکت میں آ سکیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ڈیڑھ لاکھ فوجی، جدید ترین ٹینک و دیگر اسلحہ شمالی کوریا کے بارڈر پر بھیج چکا ہے اور اب جنگی طیاروں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے۔“