نئی دہلی (ملت ٹائمز سلمان دانش)
نئی دہلی میں بھینسوں کومذبح خانے منتقل کرنے والے تین افراد کو مارا پیٹا گیا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں رونما ہوا ہے، جب ملک میں گائے بھینسوں کو ذبح کرنے کے حوالے سے شدید کشیدگی پائی جارہی ہے اور گﺅ تحفظ کے نام پر ملک بھر میں مسلمانوں پر ہندو دہشت گردانہ حملہ کرکے بے گناہوں کی جان لے رہے ہیں ۔
تفصیل کے مطابق تشدد کے اس تازہ واقعے میں خود ساختہ گﺅرکشک گروپوں کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس اہلکار رامیل بانیا نے بتایا ہے کہ دراصل یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا، جب گﺅ رکشکوں کی ایک ٹیم نے اس ٹرک کی نشاندہی کی، جس میں چودہ بھینسیں موجود تھیں اور انہیں ایک ذبح خانے لے جایا جا رہا ہے۔
رامیل کے بقول گﺅرکشکوں کی یہ ٹیم گزشتہ طویل عرصے سے شہر میں فعال ہے، اس لیے اس واقعے کو انتہا پسندی کا رنگ دینا مناسب نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب اس ٹیم کے ممبران نے اس ٹرک کو روکا تو اس ٹرک میں موجود افراد سے ان کی بحث شروع ہو گئی، جو جلد ہی لڑائی میں بدل گئی۔
نئی دہلی پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد دونوں گروپوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک گروپ کے خلاف بھینسوں کی غیرقانونی تجارت اور دوسرے گروپ کے خلاف جانوروں کے ٹرک پر حملہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔