اسلام میں کوئی تفریق نہیں ہے وہاں ایک اللہ کی عبادت کی جاتی ہے
جے پور،31؍دسمبر(آئی این ایس انڈیا)
انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے سینئر افسر اور راجستھان روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے چیئرمین امراؤ سالودیا نے چیف سکریٹری نہ بنائے جانے سے ناراض ہو کر آج رضاکارانہ سبکدوشی کی اسکیم وی آر ایس لینے کیساتھ ہی اسلام مذہب اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مسٹر سالودیا نے یہاں پریس کلب میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سینئریٹی کی بنیاد پر مجھے چیف سکریٹری بنایا جانا چاہئے تھا لیکن موجودہ چیف سکریٹری سی ایس راجن کی معیاد کار میں تین ماہ کی توسیع کرکے میرا حق چھین لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کے اس فیصلہ سے ناراض ہوکر وہ رضاکارانہ طور پر سبکدوش ہو رہے ہیں اور ضابطہ کے مطابق تین ماہ کا نوٹس دیا ہے۔ مسٹر سالودیا نے کہاکہ تفریق کئے جانے کے سبب ہی وہ اسلام مذہب قبول کر رہے ہیں کیوں کہ اسلام میں ایک اللہ کی ہی عبادت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں شروع سے ہی اسلام مذہب پر اعتقاد رکھتا ہوں اور اپنے دل کی خواہش کے مطابق ہی میں نے اسلام مذہب قبول کیا ہے۔مسٹر سالودیا نے ایک ریٹائرڈ افسر پر بھی انہیں قانونی چارہ جوئی میں الجھا کر پریشان کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے مذکورہ افسر کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا تھا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔