نئی دہلی : 9؍مئی (ملت ٹائمز ) معروف عالم دین اور ہندوستانی فلسفہ کے ماہر نیز دارالعلوم دیوبند کے استاذ رہے مولانا عبدالحمید نعمانی نے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کی رکنیت اختیار کر لی۔
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کےصدر جناب نوید حامد نے انہیں مشاورت کا رکن بنانے کے ساتھ ہی جنرل سکریٹری کی بھی ذمہ داری دی ہے۔ مولانا عبد الحمید نعمانی نے مراداباد کے مدرسہ شاہی اور دارالعلوم دیوبند سے تعلیم مکمل کی ۔ ۳۰ سال تک جمعیۃ علماء ہند سے وابستہ رہے اور ترجمان نیز میڈیا سکریٹری کی ذمہ داری بحسن و خوبی انجام دی ۔ ملک کے مؤقر اخبارات و رسائل میں ان کے کالم پابندی سے شائع ہوتے ہیں اور قارئین میں دلچسپی سے پڑھے جاتے ہیں۔ الیکٹرانک چینل پر ایک جانا پہچانا نام ہے۔ مختلف عنوانات پر تقریباً ایک درجن سے زائد کتابوں کے مصنف ہیں، ان میں ہندو ازم ، تعارف و مطالعہ ( شائع شدہ چار حصے ) مسئلہ کفو اور اشاعت اسلام ، دعا بعدالصلاۃ، عورت مذاہب عالم میں ، متحدہ قومیت کی معنویت و ضرورت اور ہندوتو اہداف و مسائل ، خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔مولانا دارالعلوم دیوبند میں ہندوستانی فکر و فلسفہ پر گیسٹ لیکچرر کے طور پر درجات تکمیلات کے طلباء کے لئے محاضرہ پیش کرتے ہیں۔ ہندوستانی فکر و فلسفہ اور جدید ہندوتو کی تحریکات، شخصیات اور افکار پر بھی خصوصی مطالعہ ہے۔
سکریٹری جنرل مشاورت جناب مجتبیٰ فاروق نے عبدالحمید نعمانی کے مشاورت کے جنرل سکریٹری بننے پر امید ظاہر کی ہے کہ ان کی نامزدگی سے مشاورت کو مزید تقویت ملے گی۔