قاری سید فخر الدین کی بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا 

دارالعلوم زکریا،جامعہ رحمت گھگرولی،مدرسہ مدینۃ العلم اور جامعہ قاسمیہ دیوبند میں تعزیتی نشستوں کاانعقاد 
دیوبند(ملت ٹائمز؍سمیر چودھری)
دارالعلوم دیوبند شعبہ تنظیم وترقی کے ناظم قاری فخرالدین کے سانحہ ارتحال پر تعزیتی نشستوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محلہ ابوالمعالی میں واقع مدرسہ مدینۃ العلم اور جامعہ قاسمیہ دارالتعلیم والصنعہ میں مرحوم کے لئے قرآن خوانی اور ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مدرسہ مدینۃ العلم کے سرپرست مولانا حسن الہاشمی نے اپنی تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم بے پناہ صلاحیتوں کے مالک تھے انہوں نے ہمیشہ بڑی محنت اور دلجوئی کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کے تنظیم وترقی کے عہدے پر رہتے ہوئے کارہائے نمایاں انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم بہت متواضع ، بااخلاق اور فعال شخصیت کے مالک تھے اور انہوں نے اپنے آپ کو دارالعلوم کے لئے وقف کردیا تھا، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا کرے۔ بڑضیاء الحق پر واقع جامعہ قاسمیہ دارالتعلیم والصنعہ میں بھی مرحوم کے لئے ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا ، اس دوران ادارے کے مہتمم مولانا ابراہیم قاسمی نے کہا کہ قاری فخرالدین بڑے حوصلے والے انسان تھے ، انہوں نے ہمیشہ ادارے کے لئے بھرپور تعاون کیا وہ میرے سرپرست بھی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی صاف ستھری تھی اور وہ اپنے کام میں ہمیشہ فعال نظر آتے تھے ، مرحوم نے جمعیۃ علماء کے لئے بھی بہت کام کیا ۔ اس موقع پر قاری سیف الاسلام ، قاری زبیر عالم وغیرہ موجود رہے۔ ادھر جی ٹی روڈ پرواقع ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند میں بھی مرحوم کے لئے دعاء ایصال ثواب کااہتمام کیاگیا اور مہتمم مفتی شریف خان قاسمی نے مرحوم کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ضلع سہارنپور کے موضع گھگرولی میں واقع معروف دینی درسگاہ جامعہ رحمت میں بھی قاری سید فخر الدین عابد کے انتقال پر تعزیتی نشست کاانعقاد کرکے مرحوم کی مغفرت کاملہ کے لئے دعاء کا اہتمام کیاگیا۔ اس موقع پر جامعہ کے روح رواں مولانا وڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے قاری مرحوم سے اپنے والد و آل انڈیاملی کونسل کے قومی صدر مولاناحکیم عبداللہ مغیثی کے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مرحوم کا والد محترم کے خاص شاگروں میں شمار ہوتاتھا۔انہوں نے کہاکہ مرحوم کا ہمارے گھر سے دیرینہ تعلق تھا،اللہ پاک مرحوم کی مغفرت فرماکر درجات بلند فرمائے۔ اس دوران مرحوم کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیاگیا۔ اس دوران ادارہ کے جملہ اساتذہ وکارکنان موجودرہے۔