کوہلی بی سی سی آئی کے کرکٹر آف دی ایئر منتخب

نئی دہلی، 31؍دسمبر(آئی این ایس انڈیا )
ہندوستان کے ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی کو آج بی سی سی آئی نے کرکٹرآف دی ایئر ایوارڈ کے لے منتخب کیا ہے جبکہ 5 ؍جنوری کو ممبئی میں ہونے والی بورڈ کی سالانہ تقریب میں خواتین زمرے سے اس ایوارڈ کے لیے متالی راج کومنتخب کیا گیا ہے ۔آسٹریلیائی دورے کے درمیان مہندر سنگھ دھونی کے اچانک ریٹائرمنٹ لینے کے بعد کپتانی کی ذمہ داری سنبھالنے والے 27سالہ بلے باز کوہلی نے اپنی قیادت میں کچھ اچھے نتائج دئیے ہیں ۔کوہلی کی قیادت میں ہندوستان نے سری لنکا کی سرزمین پر 22سال میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتی اور پھر اس کے بعد دنیا کی نمبر ون ٹیم جنوبی افریقہ کو گزشتہ 9سالوں میں غیر ملکی سر زمین پر سیریز میں پہلی شکست کا مزہ چکھایا۔دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے 15ٹیسٹ اننگوں میں 42.67کی اوسط سے 640رن بنائے۔انہوں نے اس کے علاوہ 20ونڈے میں 36.65کی اوسط سے 623رن بنائے۔کوہلی کو بہترین کرکٹر کے لیے پالی امریگر ٹرافی ملے گی۔متالی نے اس سال ون ڈے میں 5000رن مکمل کیا ہے ۔وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والی پہلی ہندوستانی اور مجموعی طورپر دوسری خاتون بلے باز بن گئی ہیں ۔متالی کو بیسٹ خاتون کرکٹر کے لیے ایم اے چدمبرم ٹرافی سے نوازا جائے گا ۔سابق وکٹ کیپر بلے باز سید کرمانی کو کرنل سی کے نائیڈو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے سرفراز کیا جائے گا۔کرناٹک کرکٹ ایسوسی ایشن کو سال کا بہترین یونین منتخب کیا گیا ہے۔اس نے اس سال رنجی ٹرافی، ایرانی کپ اور وجے ہزارے ٹرافی جیتی ہے ۔کرناٹک کے بلے باز رابن اتھپا کو رنجی ٹرافی میں سب سے زیادہ اسکور بنانے کے لیے مادھوراؤ سندھیا ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔اتھپا نے 11میچوں میں 50.66کی اوسط سے 912رن بنائے تھے۔سب سے زیادہ وکٹ لینے کا ایوارڈ کرناٹک کے آر ونے کمار اور ممبئی کے شادرل ٹھاکر کو دیا جائے گا۔انہوں نے گزشتہ سیشن میں یکساں طورپر 48وکٹ لئے تھے۔

SHARE