منور حسین کیرانوی
★ جامعہ اشاعت الاسلام بڈولی ضلع شاملی۔
سیدنا حضرت سلمان فارسی ؓ ارشاد فرماتے ہیں کہ شعبان کی آخری تاریخ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر تشریف فرما ہوئے اور ارشاد فرمایا
اے لوگو! تم پر ایک عظیم اور مبارک مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے ایسا مہینہ جس میں ایک ایسی رات شب قدر ہے جو ایک ہزار مہینوں سے بڑھ کر ہے۔یعنی اس ایک رات میں عبادت کا ثواب ایک ہزار مہینوں کی عبادت سے زیادہ ملتا ہے۔اللہ تعالٰی نے اس مہینہ کے دنوں کا روزہ فرض اور راتوں کی عبادت نفل قرار دی ہے۔جو شخص اس مہینہ میں ایک نیک عمل کے ذریعہ قرب خداوندی کا طالب ہو وہ ایسا ہی ہے جیسے دیگر مہینہ میں فرض عمل کرے یعنی نفل کا ثواب فرض کے درجہ تک پہنچ جاتا ہے۔اور جو شخص کوئ فریضہ بجا لائے وہ ایسا ہے جیسے دیگر مہینہ میں ستر فرض ادا کرے ۔یعنی رمضان میں ایک فرض کا ثواب ستر گنا ہوجاتا ہے ۔
اےلوگو ! یہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا ثواب اور بدلہ جنت ہے۔اور یہ لوگوں کے ساتھ حسن سلوک اور خیر خواہی کا مہینہ ہے۔اس مہینہ میں مومن کا رزق بڑھادیا جاتا ہے جو آدمی اس مبارک مہینہ میں کسی روزہ دار کو افطار کرائے اسکے گناہ معاف کردئے جاتے ہیں اسے جہنم سے آزادی کا پروانہ ملتا ہے۔اور روزہ دار کے ثواب میں کمی کئے بغیر افطار کرانے والے کو بھی اس کے بقدر اجر سے نوازا جاتا ہے۔
یہ سن کر صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کیا” اے اللہ کےرسول ؐ ہم میں سے ہر آدمی اپنے اندر اتنی وسعت نہیں پاتا کہ دوسرے کو باقاعدہ افطار کرائے اور اس کے ثواب سے بہرہ یاب ہو“
اس سوال پر رحمت عالم ؐ نے اپنے جاں نثاروں کو ایسا جواب دیا جس سے انکی مایوسی خوشیوں میں بدل گئی ۔۔آپ ؐ نے فرمایا
اللہ تعالٰے یہ انعام ہر اس شخص پر فرماتے ہیں جو کسی بھی روزہ دار کو ایک گھونٹ دودھ۔۔۔ایک عدد کھجور۔۔۔حتی کہ ایک گھونٹ پانی پلاکر بھی افطار کرادے ۔۔۔ ہاں جو شخص روزہ دار کو پیٹ بھر کھلائے تو اللہ رب العزت اسے قیامت کے دن میرےحوض کوثر سے ایسا پانی پلائیں گے جس کے بعد کبھی پیاس نہ لگے گی تا آنکہ وہ جنت میں ہمیشہ کے لئے داخل ہوجائے گا۔۔پھر آپ ؐ نے فرمایا یہ ایسا مہینہ ہے جس کا پہلا عشرہ رحمت درمیانی عشرہ مغفرت اور آخری عشرہ جہنم سے آزادی کا ہے جو شخص اس مہینہ میں اپنےغلام۔۔۔خادم۔۔۔۔اور ملازم وغیرہ کے بوجھ کو ہلکا کردے تو اللہ جل شانہ اسکی مغفرت فرماتے ہیں اور آگ سے آزادی دیتے ہیں ۔۔
اے لوگو! اس مہینہ میں چار چیزوں کی کثرت رکھا کرو ١ کلمہ طیب لاالہ الا اللہ ۔۔۔۔۔٢ استغفار ۔۔۔۔ ٣ جنت کی طلب۔۔۔۔ ٤ آگ سے پناہ۔۔ یہ تفصیلی خطبہ رمضان المبارک کا بہترین منشور ہے جس سے اس ماہ مبارک کی قدروقیمت کا بآسانی اندازہ لگایا جاسکتاہے ضرورت ہے کہ ہم اسے بار بار پڑھیں اور اسکےمطابق اپنے اندر عمل کا جذبہ پیدا کرکے رمضان المبارک کی برکتوں کو زیادہ سے زیادہ سمیٹنے کی کوشش کریں۔
اللہ تعالٰے ہم سب کو ایک ایک لمحہ کی قدر دانی کی توفیق نصیب فرمائے خوب خوب قرآن کی تلاوت مع حلاوت کرنے کی توفیق نصیب فرمائے۔توبہ و استغفار کی توفیق نصب فرمائے آمین۔