سونیا وہار میں مسجد پر شرپسندوں کا حملہ ،توڑ پھوڑ ،مجرمین کے خلاف مقدمہ درج

 نئی دہلی(ملت ٹائمز؍شہنواز ناظمی)
جنوبی دہلی کے سونیا وہار علاقے میں واقع چوہان پٹی کی زیر تعمیر مسجد میں آج صبح شرپسندوں نے حملہ کرکے مسجد کو شدید نقصان ،پہونچایا ،توڑ پھوڑ کیا ،نل اور دیگر چیزوں کو اکھاڑ پھینکا ،شدت پسند عناصر نے موقع واردات پر پہونچی پولس کی گاڑی پر بھی حملہ کردیا۔
ملت ٹائمز کو ملی تفصیل کے مطابق ٹونیکا سیٹی کے علاقے میں چوہان پٹی میں ایک مسجد کی تعمیر جاری تھی ،آدھاکام ہوچکاتھا،یکم رمضان سے وہاں نماز بھی شروع کردی گئی تھی، مسجد کے ذمہ دار مولانا قطب الزماں نے پوری قانونی کاروائی بھی کررکھی تھی اس کے باوجود آج صبح شدت پسندہندﺅوں کی ایک بڑی تعداد مسجد میں جمع ہوگئی ،توڑ پھوڑ کیا ،مسجد کی دیوار کو نقصان پہونچایا ،نل او ردیگر چیزوں کو اکھاڑ پھینکا ،بتایاجاتاہے کہ حملہ آور شرپسندوں کی تعداد ایک سو پچاس سے زیادہ تھی اور اس میں چوہان پٹی کے ہندﺅوں کے علاوہ سونیا وہار اور دیگر علاقے کے لوگ بھی شامل تھے۔اس کے جواب میں مسلمانوں نے حکمت عملی سے کام لیتے ہوئے خاموشی کا مظاہر ہ کیا، جس وقت شرپسند عناصر حملہ کررہے تھے مسلمانوں نے انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی ان کے سامنے آئے ،اس دوران کچھ مسلم نوجوانوں نے جذبات میں آکر مسجد کا رخ کیا تو گاﺅں کے بزرگوں نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا ،اس دوران پولس وہاں پہونچ گئی اور معاملہ کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی لیکن شرپسندوں نے پولس کی گاڑی پر بھی حملہ کردیا ،بتایا جارہاہے کہ پولس نے اکثریتی فرقہ کے دو تین نوجوانوں کی گرفتاری کی ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں مولانا قطب الزماں نے ملت ٹائمز سے کہاکہ ہم نے فساد بھڑکنے کے خوف سے خاموشی اور صبر وتحمل سے کام لیاہے ،جس وقت شرپسند عناصر حملہ کررہے تھے ہم نے وہاں سے بچوں کو بھی نکال لیا ،انہوں نے بتایاکہ ایف آئی آرد رج کرادی گئی ہے ،قانونی کاروائی کریں گے ۔
واضح رہے کہ چوہان پٹی میں یہ مسجد زیر تعمیر ہے ،رمضان کے آغاز کے ساتھ وہاں نماز شروع کی گئی تھی ،مقام بچوں کی تعلیم کیلئے یہاں مکتب کا بھی نظام ہے۔