کولکاتا : (ملت ٹائمز؍پریس ریلیز)
اس استدلال کے ساتھ کہ اللہ کے رسول کی سنت پر عمل انسان کی زندگی کو آسان بناتاہے ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان نے کہا کہ اگرہم آج کی اس افراتفری اور بے روح زندگی میں سکون کے خواہش مند ہیں تو ہمیں سنت نبوی پر عمل کرناچاہئے۔ محترمہ خان آج منگل7 جون کو شہر کے پورٹ علاقہ کے تحت واقع وارڈ نمبر 144کے ندیال میں فورم کے جلسہ سے خطاب کررہی تھیں ۔
عیدکے کپڑوں کیلئے نقد رقم اور افطار کے سامان کی تقسیم کے سلسلے میں فورم فارآرٹی آئی ایکٹ اینڈ انٹی کرپشن کی جانب سے منعقد ہونے والے اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نازیہ الہیٰ خان نے روزہ کی روح پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روزہ صرف بھوکے پیسے رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ دلوں سے کینہ‘ نفرت‘ حسد بھی دھو ڈالنے کانام روزہ ہے۔ انہوں نے اپنی دولت میں سے غریبوں کا حق اورحصہ نکال کر ان تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیااورکہا کہ یہ خدمت خلق کی اعلیٰ ترین صفت ہے اور ہمیں مخلوق خدا کی اس خدمت سے منہ نہیں موڑنا چاہئے ۔
اس موقع پر تقریباً ایک سو غریب اور نادار خواتین کو عید کے ملبوسات کیلئے نقد رقم اور افطاری کی ضروریات پر مشتمل کٹس تقسیم کئے گئے ۔اس تقریب میں محترمہ چندہ بیگم‘ محمد ریاض ‘ رفیق قریشی‘ سچن پرساد ‘ نبی حسن اور دیگر لوگ بھی شامل ہوئے ۔