علامہ قرضاوی کو دہشت گرد عناصر کی فہرست میں شامل کرنا اسلام دشمن طاقتوں کو تقویت پہونچانے کے مترادف: فلسطینی سپریم علماء کونسل

غزہ(ملت ٹائمز ) فلسطین کی سپریم علماء کونسل نے مصری نژاد جید عالم دین الشیخ یوسف القرضاوی کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ القرضاوی کو دہشت گرد عناصر کی فہرست میں شامل کرنا اسلام دشمن قوتوں کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ ادھر دوسری جانب یوسف القرضاوی کی حمایت میں فلسطین کے مختلف شہروں میں مظاہرے اور جلسے جلوس بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں القرضاوی اور قطر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک مارچ کیا گیا۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں فلسطینی علماء کونسل نے ایک اجلاس کے بعد القرضاوی کی حمایت میں ایک ریلی بھی نکالی۔ انہوں نے سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے عالمی علماء کونسل کے چیئرمین الشیخ یوسف القرضاوی کو دہشت گردی کی فہرست میں شامل کیے جانے کی شدید مذمت کی۔فلسطینی علماء کونسل کے چیئرمین مروان ابو راس نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف فلسطینی قوم بلکہ پوری مسلم امہ یوسف القرضاوی کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ القرضاوی ایک اعتدال پسند مذہبی شخصیت ہیں جنہوں ہمیشہ دہشت گردی سے نفرت کی ہے۔ بعض عرب ممالک کی طرف سے ان کا نام دہشت گردعناصر کی فہرست میں شامل کرنا ظالمانہ اقدام ہے۔ ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے الشیخ یوسف القرضاوی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوسف القرضاوی کو کئی خلیجی حکومتوں کی طرف سے بھی ان کی دینی ، تحقیقی اور علمی خدمات پر ایوارڈ دیے جا چکے ہیں۔ اس کے باوجود سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کا انہیں دہشت گردی کی فہرست میں شامل کرنا غیر منصفانہ ہے۔ اس اقدام سے اسلام دشمن قوتوں کے موقف کو تقویت دی گئی ہے۔
بشکریہ مرکز اطلاعات فلسطین