کارڈیف(ملت ٹائمز)
آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے اہم میچ میں پاکستان ،سری لنکا کو3وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیاہے۔پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیے جانے والے 237 رنز کے ہدف کو 7 وکٹوں کے نقصان پر 45 ویں اوور میں عبور کر لیا۔پاکستانی کی بیٹنگ لائن فلاپ ہوئی تو عامر اور سرفراز نے 75رنز شراکت قائم کر کے تاریخ لکھ دی۔سرفراز61رنز اور محمد عامر 28کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو فخر زمان کے علاوہ کوئی دوسرا کھلاڑی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوا اور یوں پاکستان نے 7وکٹیں گنوا دیں تاہم محمد عامر اور سرفراز نے میدان میں اتر کر حیران کن اور ماہرانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو اپنے حق میں کیا جسے دیکھ کر شائقین کرکٹ کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں۔انتہائی مشکل دور سے گزرتی ہوئی ٹیم کو اس طرح سنبھالا کہ میچ جیتوادکرٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ ٹیم کے کپتان سرفراز 61رنز اور محمد عامر 28رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ دوسری جانب محمد عامر نے گیند بازی کے میدان میں بھی سری لنکا کے دو کھلاڑیوں کو پولین پہنچایا۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اظہر علی اور فخر زمان نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا اور فخرزمان نے آتے ہی سری لنکن باولرز پر چوکوں کی بارش کر دی انہوں نے 8 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے نصف سینچری مکمل کی تاہم وہ اپنی بلے بازی اسی طرح جاری نہ رکھ سکے اور چھکے کی کوشش میں کیچ آوٹ ہو گئے۔ان کے بعد بابر اعظم نے میدان میں اتر کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے اور صرف 10 رنز بنا کر پردیپ کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔بابر اعظم کے بعد محمد حفیظ بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوئے اور صرف ایک رن بنا کر پولین لوٹ گئے ،اس موقع پر بابر اعظم اور محمد حفیظ کا ا?وٹ ہونا ٹیم کیلئے ایک جھٹکا ہے۔قومی ٹیم تین وکٹیں گنوا چکی تھی اور اس موقع پر اظہر علی سے بہت سی امیدیں وابستہ تھیں اور وہ 34 رنز کے ساتھ بیٹنگ کرر رہے تھے لیکن انہوں نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے سلپ کر کیچ آوٹ ہوگئے اس کے بعد نوجوان حسن علی نے اپنی باولنگ کا جادو جگایا اور کوشل مینڈس کو 27 کے انفرادی طور پر کلین بوڈ کر دیا۔
فہیم اشرف نے بھی ٹیم میں شامل ہونے کا حق ادا کرتے ہوئے پاکستان کو تیسری کامیابی دلائی اور کریز پر آنے والے چندی مل کو کھاتہ کھولے بغیر کی پویلین کی راہ دکھا دی۔ پاکستان کو چوتھی کامیابی دلانے والے محمد عامر ہیں جنہوں نے سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کو 39 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔
سری لنکا کی پانچویں وکٹ 162 کے مجموعی سکور پر گری اور دھنانجیا دی سلوا صرف 1 سکور بنا کر جنید خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہو ئے۔ 162 کے ہی مجموعی سکور پر محمد عامر نے اوپنر ڈیکویلا کو بھی پویلین بھیج دیا جنہوں نے سب سے زیادہ 73 رنز بنائے۔ میچ کیلئے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی جس کے مطابق شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی اظہر علی نے فہیم اشرف کو ون ڈے کیپ پہنائی اور تمام کھلاڑیوں نے انہیں مبارکباد دی۔میچ کیلئے پاکستانی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی، فخر زمان، بابر اعظم ،محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی اور جنید خان شامل ہیں۔
سری لنکن ٹیم کی قیادت اینجلو میتھیوز کے ہاتھ میں ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں نیروشن ڈیکویلا، دنوشکا گوناتھیلاکا، کوشل مینڈس، دنیش چندی مل، اسیلا گونارتنے، دھنانجیا دی سلوا، تھیسارا پریرا، سورنگا لکمل، لاستھ ملنگا اور نووران پرادیپ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یہ میچ دونوں ٹیموں کیلئے کوارٹر فائنل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ فاتح ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔ پاکستان نے اس سے قبل ٹورنامنٹ میں دو میچ کھیلے جن میں سے ایک میں شکست اور دوسرے میں فتح حاصل ہوئی جبکہ سری لنکا نے بھی دو میچ کھیل کر ایک میں فتح حاصل کی اور دوسرے میں ہار اس کا مقدر بنی تھی۔