بیجنگ(ملت ٹائمز۔ایجنسیاں)
علی بابا گروپ کے چیئرمین جیک ما نے تیسری عالمی جنگ کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عالمی رہنماوں نے مصنوعی ذہانت اور خود کاری کے بڑھتے ہوئے رحجانات پردھیان نہ دیا تو مستقبل قریب میں حالات یکسر مختلف ہوں گے اور دنیا تیسری عالمی جنگ کی طرف بڑھ سکتی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آن لائن شاپنگ کے ادارے علی بابا گروپ کے بانی جیک ما ء نے عالمی رہنماوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت اور خود کاری کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے انسانوں پر پڑنے والے اس کے اثرات سے بھی آگاہ رہیں کیونکہ عقلمندی اسی میں ہوتی ہے کہ خرابی کو پیدا ہونے سے پہلے ہی روک لیاجائے۔ مشینوں کو انسانوں والے کام نہیں کرنے چاہئیں بلکہ انہیں وہ کام کرنے چاہئیں جو انسان نہیں کرسکتے۔
چیئرمین علی بابا گروپ کا خیال ہے کہ ٹیکنالوجی میں آنے والے پہلے انقلاب کی وجہ سے پہلی جنگ عظیم رونما ہوئی، دوسرے انقلاب کی وجہ سے دوسری اور اب ٹیکنالوجی کی دنیا میں آنے والے تیسرے انقلاب کی وجہ سے تیسری جنگ عظیم ہوگی۔