جنید کے قاتلوں کو پھانسی دی جائے ،سوشل میڈیا پر نئی نسل کا مطالبہ ،ملی تنظیموں سے متحدہوکرتحریک چلانے کی اپیل

نئی دہلی(ملت ٹائمز)
ٹرین میں محمد جنید کی دردناک شہادت کے واقعہ کے بعد عوام میں غم وغصہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہاہے ،جہاں گذشتہ کل ملک کے سولہ شہروں میں نوٹ ان مائی نیم کے ہیش ٹیگ کے ساتھ پر امن احتجاج کیا گیا وہیں آج سوشل میڈیا پر نئی نسل اور سینئر صحافیوں نے یہ مطالبہ شروع کردیا کہ گﺅرکشا کے نام پر جو لوگ غنڈہ گردی کررہے ہیں اور جنید کے قتل میں جولوگ ملوث ہیں انہیں تختہ دار پر لٹکایاجائے ۔
سینئر صحافی ایم ودود ساجد نے فیس بک پر اپنے پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھاکہ وزیر اعظم صاحب مذمت کرنے کے بجائے کاروائی کریں ،اسی پوسٹ میں انہوں نے یہ بھی لکھاکہ جمعیة کے دونوں گروپس ،جماعت اسلامی ہند ،مجلس مشاورت ،جمعیة اہل حدیث سمیت تما م تنظیموں کے نمائندہ ایک ساتھ بیٹھ کر گﺅکشی کے نام پر غنڈہ گردی کرنے والوںکیلئے پھانسی کی سزا کا قانون بنائے جانے کا مطالبہ کریں۔
بڑی تعداد میں فیس بک یوزرس نے اس سے اتفاق کرتے ہوئے ملی تنظیموں کو اس جانب توجہ دینے کی اپیل کی اور اپنے کمنسٹ میں لکھاکہ تمام ملی رہنما ایک ساتھ بیٹھ کر قاتلوں کی پھانسی کا مطالبہ کریں اور حکومت سے یہ اپیل کریں کے گائے کے نام پر قتل کرنے والوں کیلئے حکومت پھانسی کی سزا کا قانون بنائے۔