چینی سفارت خانے کا انتباہ:ہندوستان میں مقیم شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریںاور اپنے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں

نئی دہلی(ملت ٹائمز۔ایجنسیاں)
چین اورہندوستان کے درمیان سکم سیکٹر پر ہونے والی کشیدگی کم ہونے کی بجائے بڑھ رہی ہے ،ایسے میں دہلی میں واقع چینی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو بلا ضرورت ہندوستان میں سفر سے گریز اور سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میں مقیم چینی شہری سفر کے دوران اپنے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں اور غیر ضروری سفرسے گریز کریں۔
” انڈیا ٹی وی “ کے مطابق ہندوستان اور چین کے درمیان سرحد پر کشیدگی برقرار اور کم ہونے کی بجائے بڑھ رہی ہے ،اس کشیدہ صورتحال میں چین نے ہندوستان میں مقیم اپنے شہریوں کے لئے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں مقیم چینی شہری غیر ضروری سفر سے گریز اور دوران سفر اپنے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ یہ انتباہ نئی دہلی میں واقع چینی سفارت خانہ کی جانب سے گذشتہ روز 7 جولائی کو جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ چینی سفارت خانے کی جانب سے یہ انتباہ ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب چین کے صدر جن پنگ کی ہیمبرگ میں ہو رہے جی 20 سمٹ کے دوران ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی ہوئی ہے۔یہ انتباہ نئی دہلی میں واقع چینی کمپنیوں کے دفاترز اور دوسرے شہروں میں موجود شہریوں کے لئے جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں ہر سال تقریبا 2 لاکھ چینی مسافر سیاحت کی غرض سے آتے ہیں جبکہ سینکڑوں چینی کمپنیوں کے دفاتر بھی قائم ہیں جہاں بڑی تعداد میں چینی عملہ کام کرتا ہے۔