مظاہرعلوم وقف سہارنپور میں شیخ الحدیث مولانا محمد یونس جونپوری کی وفات پر تعزیتی نشست کا انعقاد

(سہارنپور: ملت ٹائمز ۔پریس ریلیز )

عالمی شہرت کے حامل دینی تعلیمی ادارہ مدرسہ مظاہرعلوم( وقف) سہارنپور میں کل ۱۶؍جولائی ۲۰۱۷ء بعد نماز مغرب دفتر مدرسہ مظاہر علوم (وقف) میں حضرت مولانامحمد یونس کی حیات اورخدمات پر اہم اجلاس منعقد ہوا ۔مدرسہ کے استاذحدیث مولانامحمد ریاض الحسن نے حضرت شیخ کے حالات تفصیل سے بیان کئے ،انہوں نے کہا کہ قحط الرجال کے اس دورمیں حضرت شیخ الحدیث واقعی امیر المومنین فی الحدیث تھے ،انہوں نے کہا کہ قرآن کو سمجھنے کے لئے احادیث کا سمجھناضروری ہے اورحضرت پورے ذخیرہ ٔ حدیث کو سمجھے ہوئے تھے ،مولانانے کہا کہ حضرت شیخ کو اپنی مادرعلمی مدرسہ مظاہر علوم ( وقف) سہارنپور سے بے انتہامحبت تھی ،اسی محبت اورتعلق کا نتیجہ ہے کہ انہوں نے شہر میں موجود اپنا بیش قیمت دو منزلہ مکان مدرسہ مظاہر علوم ( وقف) کو تحریری طورپروقف فرمایا ، اسی بہٹ کے علاقہ میں لائق کاشت آراضی بھی مدرسہ کو وقف فرمائی اوروقتاً فوقتاً خطیررقوم اورکتابیں مدرسہ میں بھیجتے رہے ۔
حضرت مولانامحمداسلام الحق اسعدی نے اپنے خطاب میں حضرت شیخ یونس کے طالب علمی کے حالات بیان کئے اورکہا کہ مولانا نہایت ہی محنتی، جفاکش طالب علم تھے ،ان کی محنت کا نتیجہ تھا کہ جس دن مولانامحمد یونس سبق میںنہیں ہوتے تھے تو حضرت فقیہ الاسلام مفتی مظفر حسین ؒ سبق نہیں پڑھاتے تھے ۔
مولاناقاری عاشق الٰہی شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ نے شیخ یونس صاحب کی خدمات حدیث پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ آج برصغیر میںجہاںکوئی کامیاب محدث یا استاذ حدیث یاشیخ الحدیث موجود ہے وہ بلا واسطہ یا بالواسطہ حضرت شیخ کے تلامذہ میں سے ہے۔
قاری سعید احمد ناظم مدرسہ ہدی للعالمین ہلال پورسہارنپور نے حضرت شیخ کی بزرگی ،متقیانہ زندگی، کشف وکرامات کے اہم واقعات بتائے اورسامعین کو متاثر کیا ۔مفتی محمد احسان رشیدی جامعہ اشرف العلوم رشیدی گنگوہ نے حضرت شیخ سے اپنی عقیدت ،اکابرجامعہ اشرف العلوم رشیدی سے تعلق پر روشنی ڈالی ۔
جامعہ اسلامیہ ریڑھی کے مہتمم مولانامحمد اختر قاسمی نے حضرت شیخ الحدیث کی علم حدیث پر گہرائی وگیرائی ،عشق رسول اورزندگی کے بے مثال مخفی واقعات بیان فرمائے اورکہا کہ سچائی یہ ہے کہ حضرت مولانامحمدیونس اپنی مثال آپ تھے ۔فقیہ الاسلام حضرت مولانامفتی مظفرحسین ؒ اوراپنے تمام اساتذہ سے بے انتہامحبت تھی ۔
اس موقع پر حضرت مولانامحمد سعیدی ناظم مدرسہ مظاہرعلوم ( وقف) نے اعلان کرایا کہ بہت جلد مدرسہ کے ماہنامہ آئینہ مظاہر علوم کا ’’شیخ الحدیث نمبر ‘‘شائع کیا جائے گا ۔
مغرب سے بعد سے رات دس بجے تک چلنے والے اس پروگرام میں مولانامحمدانعام اللہ خلیفہ حضرت شیخ محمدیونس ،مولانامحمد واصف مظاہری المعہدالاسلامی مانک مئوسہارنپور،مفتی محمد ساجد کھجناوری مدیرتحریر صدائے حق گنگوہ ،مفتی محمد اسراراورقاری صلاح الدین اساتذہ ٔدارجدید،مولاناغیور احمد دہلی ،قاری زبیر احمد کرمی ناظم مدرسہ احیاء العلوم دبنی والا،مولاناعبدالمالک مغیثی مہتمم جامعہ رحمت گھگرولی اوربہت سے مدارس کے علماء اورذمہ داران نے شرکت کی ۔
قاری محمد عاقل اخترکی تلاوت کلام پاک محمد لقمان عثمانی کی نعت شریف ،مولانامحمدریاض الحسن کی نظامت اور مولانامحمد اختر قاسمی کی دعا پر یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا ۔