شمالی کوریا نے دھمکیوں سے آگے بڑھ ایٹمی بم گرانے کی جگہ بھی بتادی ،امریکہ کی آنکھوں سے نیند غائب

پیانگ یانگ۔ (ملت ٹائمز۔ایجنسیاں)
شمالی کوریا کی جانب سے امریکہ کو ایٹمی حملے کی دھمکیاں تو ایک عرصے سے دی جارہی تھیں لیکن پہلی بار شمالی کوریائی صدر نے وہ ہدف بھی بتادیا ہے جسے سب سے پہلے ایٹمی حملے کا نشانہ بنایا جائے گا، اور آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ یہ ہدف امریکہ میں نہیں ہے۔
ڈیلی ا سٹار کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری اخبار روڈونگ سنمن کا کہنا ہے کہ ایٹمی جنگ کے آغاز کی صورت میں شمالی کوریا سب سے پہلے جنوبی کوریا میں واقع امریکی اڈے کو نشانہ بنائے گا۔ امریکہ نے یہ فوجی اڈہ حال ہی میں جنوبی کوریا کے علاقے فیونگ تھاک میں قائم کیا ہے۔ شمالی کوریا کے سرکاری اخبار کا کہنا ہے ”غاصب امریکی سامراج کا جنوبی کوریا میں واقع اڈہ شمالی کوریا کی پیپلز آرمی کے ایٹمی حملے کا پہلا نشانہ بنے گا۔“
دریںا ثنائ یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ شمالی کوریا ایک اور بین البراعظمی ایٹمی میزائل کے تجربے کی تیاری کررہا ہے۔ چند دن قبل ہی شمالی کوریا کی جانب سے ایک بین البراعظمی ایٹمی میزائل کا تجربہ کیا گیا تھا جس کے بعد امریکہ نے اسے سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔ اب ایک اور میزائل تجربے کے پیش نظر غالباً شمالی کوریا کو خدشہ ہے کہ امریکہ کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آئے گا، جس کی پیش بندی کرتے ہوئے پہلے ہی جنوبی کوریا میں واقع امریکی اڈے کو نشانہ بنانے کی دھمکی جاری کردی گئی ہے۔