نئی دہلی(ملت ٹائمز)
سپریم کورٹ نے آج آسام کے معروف مجاہد آزادی کی بیٹی رشمی نارا بیگم کی ضمانت کی معیاد میں عبوری طور سے توسیع کر دی ہے۔ واضح ہو کہ رشمی نارا بیگم کی ضمانت کی معیاد 22اگست کو ختم ہورہی ہے ۔ اس معاملے کی سماعت اب آئندہ ہفتہ ہونے کا امکان ہے ۔
اطلاع کے مطابق جسٹس اے کے اگروال اورجسٹس اے بی سپرے کی بنچ میں آج غیر ملکی قرار دی جا چکی آسام کی شہری رشمی نارا بیگم کے معاملے میں سماعت ہوئی ۔ اس سلسلے میں عدالت کے ذریعے جاری کردہ نوٹس کی بنیاد پر حکومت کی جانب سے ابھی تک جواب داخل نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے آج عدالت کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی۔اس دوران عدالت کو یہ باور کرایا گیا کہ رشمی آرا بیگم جنہیں جیل میں رہتے ہوئے ایک بچے کوجنم دینے کے بعدانسانی بنیاد پر تین ماہ کی ضمانت پر رہا کیا گیا تھا ، ان کی ضمانت کی معیاد 22اگست کو ختم ہو رہی ہے ۔ ا سکے بعد انہیں خود سپردگی کرنی ہوگی۔حالات کے پیش نظر عدالت نے رشمی نارا بیگم کی عبوری ضمانت میں اضافہ کر دیا ہے ۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت ابھی مقرر نہیں ہوئی ہے لیکن آئندہ ہفتہ سماعت کا امکان ہے۔واضح ہوکہ آسام میں غیر ملکی شہری مہم کے تحت رشمی آرا بیگم کو غیر ملکی قرار دے کر جیل میں ڈال دیا گیا تھا جبکہ رشمی نارابیگم آسام کے معروف مجاہد آزادی رمضان علی کی بیٹی ہیں ۔رشمی کو جیل میں ڈال دئے جانے کے بعد جمعیۃ علما ہند کے صدرمولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علما ہند کی قانونی امداد کمیٹی نے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی۔ عدالت کے ذریعہ رشمی نارا بیگم کی ضمانت کی معیاد میں توسیع کئے جانے پر جمعیۃ علما ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مظلومہ کوسپریم کورٹ سے انصاف ضرور ملے گا ۔