برازیل میں کشتی الٹنے سے 22 افراد ہلاک،درجنوں لاپتہ،21 کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا 

برازیلیا(ملت ٹائمز/ایجنسیاں)

شمال مشرقی برازیل میں 100 سے زیادہ مسافروں کو لے جانے والی کشتی الٹنے سے 22 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ درجنوں لاپتہ ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوی کے لیفٹیننٹ کرنگ فلیویو المیڈا نے بتایا کہ کشتی سلواڈور کے شہر کے قریب خلیج آل سینٹ میں ڈوب گئی۔

المیڈا کا کہنا تھا کہ نیوی کی ایک ٹیم نے 21 لوگوں کو ڈوبنے سے بچا لیا۔ حادثے کے مقام پر پرائیویٹ کشتیاں بھی پہنچیں اور انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کتنے لوگوں کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔برازیل کی ریاست باہیا کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہوئے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 34 افراد زیر علاج ہیں۔ جب کہ ایک سالہ بچہ اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔

حادثے میں محفوظ رہنے والے ایک شخص ایڈوالڈو نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پانی کی ایک بڑی لہر نے کشتی کو الٹ دیا۔ اس کا کہنا تھا کہ کشتی پر سوار لوگوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔ انہیں بچانے میں بہت وقت لگا۔ میں بھی دو گھنٹوں تک پانی میں پھنسا رہا۔سلواڈور برازیل کے مشہور شہروں میں سے ایک ہے ۔ یہ جزیروں کے ایک سلسلے کے پاس واقع ہے ۔

روزانہ ہزاروں کارکن، طالب علم اور دوسرے لوگ کشتیوں کے ذریعے ان جزیروں میں آتے جاتے ہیں۔اس حادثے سے ایک روز پہلے 70 سے زیادہ مسافروں کو لے جانے والی ایک کشتی شمالی ریاست پارا کے ایک دریا میں ڈوب گئی تھی جس سے کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔