ریپ گرو باباﺅں کا احتساب شروع۔ رام رہیم کے جیل جانے کے بعد آج آسکتا ہے رام پال پر بھی فیصلہ

حصار: 29 اگست ( ملت ٹائمز؍یو این آئی ) ہریانہ کے ضلع حصار کے بروالا میں واقع ستلوک آشرم کے سنت رامپال پر سرکاری کام کاج میں رکاوٹ ڈالنے اور راستہ روک کر لوگوں کو یرغمال بنانے کے سلسلے میں درج مقدمات میں یہاں کی عدالت آج فیصلہ سنائے گی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مکیش کمار کی عدالت رام پال کے خلاف یہ فیصلہ مقدمہ نمبر 426 اور 427 میں سنائے گی اگرچہ فیصلے کیلئے 24 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن ڈیرہ سچا سوداسربراہ گرمیت رام رحیم کی سی بی آئی عدالت میں پیشی اور فیصلہ سنائے جانے کے پیش نظر پولیس نے ایک عرضی داخل کرکے عدالت سےاسے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جسے قبول کرلیا گیا تھا۔
اس دوران عدالت کے آج فیصلہ سنانے کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت بندوبست کئے گئے ہیں۔