خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کی جانب سےبہارکے سیلاب زدگان کے لیے راحتی سامان روانہ

سماجی کارکن شعیب خان،حافظ انصار اورمولانا فیروز اختر قاسمی اور ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب ہری جھنڈی دکھا کر گاڑی کو روانہ کرتے ہوئے
نئی دہلی(پریس ریلیز)/ملت ٹائمز
مشہور رفاہی تنظیم خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا اور امام قاسم اسلامک ایجوکیشنل ویلفئرٹرسٹ انڈیاکے ذریعہ بہار  میںآ ئے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لیے دس روز قبل جامعہ نگر کے اوکھلا میں واقع پہلوان چوک پر ایک راحتی کیمپ لگایا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میں علاقے کے لوگوں نے کپڑے جمع کیے اور کچھ لوگوں نے نقد بھی دیے۔اس  کیمپ میں اکٹھے ہو ئے کپڑوں کو ٹرک میں بھر کر آج بہارکے سیلاب سے متاثر علاقے ارریہ،سپول،پورنیہ،کشن گنج اور کٹیہارکے لئےروانہ کیا گیا۔اس موقع پر مشہور سماجی کارکن اور عام آدمی پارٹی کے رہنما شعیب خان،سماجی کارکن حافظ انصار، مرکزی جمعیۃ علماء کے جنرل سیکریٹری مولانا فیروز اختر قاسمی، عبدالنور شبلی،خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب،محمد ارشاد،نثار احمد اور محمدشمیم  بھائی نے ہری جھنڈی دکھا کر گاڑی کو روانہ کیا۔واضح رہےکہ بہار میں پچھلے دنوں آئے سیلاب سےصورت حال انتہائی سنگین ہیں اور جیسے جیسے پانی کم ہو رہا ہے تباہی اور بربادی کے مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔سیلاب میں لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں اوربڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔ان ناگفتہ بہ حالات کے موقع پرخدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کی طرف سے مقامی باشندوں سےیہ اپیل کی گئی تھی کہ وہ انسانیت کی بنیاد پر آگے آئیں اور سیلاب میں گھرے افراد کی مدد کریں۔بہارکے تقریبا 18 اضلاع سیلا ب کی زد میں ہیں اور گاؤں ہی نہیں شہر کا شہر پانی میں ڈوب گیا تھا۔سڑکوں اور ریل پٹری کے ٹوٹ جانے کی وجہ سے بہت سے علاقوں کے آمد و رفت اب بھی بند  ہیں۔لاکھوں افراد کھلے آسمان کے نیچے بے یاروں مددگار زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور بحالی کے لئے حکومتی سطح پر  ناکافی اقدامات کیے جا رہے ہیں،اس موقع پرملک بھر کے ملی اور رفاہی اداروں کے افراد سیلاب سے پریشان لوگوں کے لیے راحت کے کام میں مصروف ہیں۔