سہ ماہی رسالہ’نیا سویرا بھارت‘کی نوح میں تقریب رسم اجرا آج

میوات (سفیان سیف ملت ٹائمز)
میوات کے تاریخی ،تہذیبی اور ادبی روایات کا پاسدار سہ ماہی رسالہ اردو اور ہندی زبان میں ’نیا سویرا بھارت‘کی رسم اجرا کی تقریب آج نوح کے ڈی آر ڈی اے ہال میں منعقد ہوگی ،رسم اجراءکی تقریب صبح ساڑھے دس بجے میوات کی مقتدر سیاسی سماجی ،مذہبی ملی اور دانشوران میوات کے ہاتھوں عمل میں لائی جائے گی۔ مجلس ادارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میوات کی تاریخی ورثہ ہندوستانی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے ۔افسوس کا پہلو یہ بھی ہے کہ میوات کے تار یخی ،تہذیبی اور ادبی روایات پر جتنا لکھا جانا چاہئے تھا اتنا لکھا نہیں جا سکا ہے۔ اس لئے مجلس نے فیصلہ لیا کہ ان روایات کی پاسداری کی جائے ،اور قومی اجتماعی نظام کے ساتھ ’نیا سویرا بھارت‘ کو ملک و ملت کے سامنے لائے جائے ۔ مجلس نے کہا کہ’ نیاسویرا ‘کے اہم مقصد میوات کی تاریخ ،روایات ،کلچرکے ساتھ میواتی شاعری کی حفاظت کرنا بھی ہے،مدیر اعزازی نے اخباری نمائدوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میوات کی تارخ دو طرح کی ہے ،ایک تو وہ جو کتابت کی شکل میںہے اور دوسری وہ جو ابھی تک مدون نہیں ہو پائی ہے بلکہ صرف زبانی روایات ہیں جو سینہ بہ سینہ منتقل ہوتی چلی آرہی ہیں۔اس کا بڑا ذخیرہ فارسی ،اردو اور انگریزی زبان میں بھی ہے جسے مرتب انداز میں عوام کے سامنے لانا ضروری ہے ۔رسالہ کے مستقل موضوعات میں ہندوستانی سماج ،تاریخ میوات ،دستاویزات ،کہانی ،میواتی شاعری ،اسلامیات ،تبصر ہ کتب ،عام آدمی کی نظروں سے اوجھل عجائبات میوات اور آثار قدیمہ قابل ذکر ہیں۔واضح رہے کہ رسالہ کے مدیر اعزازی ڈاکٹر مشتاق تجاروی و معاون مدیر تنویر احمد،انتظامی مدیر شمشاد بیگم ہیں جبکہ مجلس ادارت میں شامل حکیم اجمل خاں شکراوہ،فضل احمد خاں (فرید آباد )،مفتی محمد فاروق تجاروی (علیگڑھ)،صابر قاسمی (نائی ننگلہ، نوح)،ڈاکٹر حیدر علی (نئی دہلی )صدیق احمد میو¿(نوح) شامل ہیں۔