مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی مسلم پرسنل لاء بورڈ کے باتفاق رائے کل ہند ترجمان مقرر

نئی دہلی:۱۵ ( ملت ٹائمز ؍ پریس ریلیز )  : آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ منعقدہ ۱۰؍ستمبر ۲۰۱۷ء بھوپال میں ارکان عاملہ نے بورڈ کے ترجمان متعین کرنے کے سلسلہ میں اتفاق رائے سے صدر محترم اور جنرل سکریٹری صاحبان کو اختیار دیا تھا۔حضرت صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے جنرل سکریٹری کے مشورہ سے میڈیا سے بورڈ کی ترجمانی کے لئے حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی صاحب رکن عاملہ کو مسلم پرسنل لا بورڈ کا کل ہند ترجمان مقرر فرمایا ہے۔ تمام معاملات و مسائل میں مسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف سے ان ہی کو نمائندگی کا حق و اختیار حاصل ہوگا۔جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے ذمہ داروں سے گذارش کی ہے کہ وہ بورڈ کی طرف سے نمائندگی کے لئے انہی سے رابطہ کریں۔یہ اطلاع بورڈ کے آفس سکریٹری ڈاکٹر وقارالدین لطیفی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دی۔