تہران(ملت ٹائمزایجنسیاں
جنوبی ایشائی خطے میں طاقت کے مراکز تبدیل ہو رہے ہیں اور چین تیزی سے امریکہ کا متبادل بن کر سامنے آ رہا ہے۔ اب تک چین کئی ایسے اقدامات اٹھا چکا ہے جنہوں نے خطے میں امریکی اہمیت کو گہری چوٹ پہنچائی ہے اور اب اس نے ایک ایسا کام کر دیا ہے کہ جان کر امریکہ سیخ پا ہو جائے گا۔ دی ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق چین نے ایران کو بھی راہداری کا حصہ بنا لیا ہے اور اسے 10ارب ڈالر (تقریباً10کھرب روپے) کا قرض فراہم کر دیا ہے جو اخبار کے مطابق ایران کو امریکہ کی طرف سے عائد پابندیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے آگے بڑھنے میں مدد دے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس قرض کا معاہدہ چین کی فرم ’سی آئی ٹی آئی سی انویسٹمنٹ گروپ اور ایرانی بینکوں کے ایک وفد کے مابین بیجنگ میں طے پایا ہے جس کی سربراہی ایران کے مرکزی بینک کے صدر ولی اللہ سیف کر رہے تھے۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق قرض کی یہ رقم ایران میں پانی، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ولی اللہ سیف کا کہنا تھا کہ ”اس قرض کے علاوہ چائنہ ڈویلپمنٹ بینک نے بھی ایران میں انسفراسٹرکچر اور دیگر پیداواری منصوبوں پر 15ارب ڈالر خرچ کرنے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔دونوں ملک باہمی تعاون کے فروغ کا مصمم عزم کیے ہوئے ہیں اور یہ معاہدے اسی عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔





